عمران خان خیبر پختونخوا کے عوام سے معافی مانگیں، حمزہ شہباز


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کی بات کرنے والے خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے اسپتالوں کی حالت ٹھیک نہیں کرسکے اس لئے عمران خان کو یہاں کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔

حمزہ شہباز نے لاہورمیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اسپتال  کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کا واحد راستہ جمہوریت ہے۔ گزشتہ حکومت نے اپنی مدت پوری کی تھی اور اب یہ دوسری حکومت بھی اپنی مدت پوری کررہی ہے۔

تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بتائے کہ خیبرپختونخوا میں نیا پاکستان کہاں ہے ؟ پشاور میں ٹوٹی سڑکیں اور ہر طرف دھول ہی دھول ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ قوم دیکھ رہی ہے عمران خان نے کے پی میں کیا کچھ کیا ہے۔ جہانگیر ترین اور قبضہ مافیا کے لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔ سو دن کا پروگرام دینے والوں کا بلین ٹری سونامی کہیں دکھائی نہیں دے رہا۔

حمزہ شہباز نے پارٹی چھوڑ کر جانے والے رہنماؤں کے متعلق کہا کہ سیاسی پنچھی آتے جاتے رہتے ہیں۔ جو پانچ سال تک اپنے حلقوں میں نہیں گئے اُنہیں اب پارٹی تبدیل کرنے کی ضرورت پڑگئی ہے۔


متعلقہ خبریں