سیاست کو اس نہج پر نہ لائیں کہ واپسی کا راستہ نہ ہو، وزیر داخلہ پنجاب


لاہور: وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ سیاست کو اس نہج پر نہ لایا جائے کہ واپسی کا راستہ نہ ہو۔

وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے لیاقت باغ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ آر پی او اور سی پی او راولپنڈی وزیر داخلہ پنجاب کے ہمراہ تھے جبکہ آر پی او راولپنڈی نے وزیر داخلہ پنجاب کو سیکیورٹی پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ پورے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علاوہ کوئی اور جلسہ کرے انہیں بھی سیکیورٹی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا کا عمران خان سے متعلق لیٹر ایک سیاہ دور کا آغاز ہے اور سیاست کو اس نہج پر نہ لایا جائے کہ واپسی کا راستہ نہ ہو۔ شہباز گل کو ہائیکورٹ کے حکم پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل پر تشدد نہیں ہوا تو پھر انکوائری سے کیوں گھبرا رہے ہیں،فواد چودھری

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے 12 لوگوں پر مقدمہ ہے لیکن ہماری ان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ لا ڈیپارٹمنٹ سے پوچھا ہے کابینہ کی منظوری سے ن لیگ کے رہنماؤں پر مقدمات کا اندراج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل پر مقدمہ جلد بازی میں کیا گیا اور مجھے بھی نیوٹرل کہا گیا اور میں نیوٹرل تھا لیکن اب مکمل طور پر عمران خان کے ساتھ ہوں۔


متعلقہ خبریں