شہباز گل نے متنازعہ بیان سے متعلق فون پر بتایا،میں نے کہا ٹھیک ہے اتنا تو سب ہی کہتے ہیں، عمران خان


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے شہباز گل نے فون پر بتایا کہ ایک ٹی وی پر بیان دیا جو تھوڑا متنازعہ ہے، میں نے کہا ٹھیک ہے اتنا تو سب ہی کہتے ہیں۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز گل کی تازہ مثال سب کے سامنے ہے،انہیں اغواء کر کے لے کر گئے اور  بدترین تشدد کیا گیا،شہباز گل کی تصاویر بنائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے تو شروع میں معلوم نہیں تھا کہ شہباز گل کا کیس کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کرنا پڑے گی، سنا تھا شہباز شریف بہت سنجیدہ ہے، لیکن ایسا صرف اشتہاروں کی حد تک ہی تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں نام کمانے یا ذاتی مفاد کیلئے نہیں آیا، مجھے اللہ نے سب کچھ دیا ہوا تھا، اپنے لئے جینا آسان زندگی ہے،میں سیاست میں انسانیت کی خدمت کیلئے آیا تھا،کبھی مسلمان معاشرہ کسی کی غلامی نہیں کرتا، انسانی معاشرے میں کمزور کی مدد کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوئٹزر لینڈ چھوٹا ملک ہے لیکن اپنے پہاڑوں کے ٹورازم سے 60 ارب ڈالر کماتا ہے، وہاں قانون کی حکمرانی ہے، وہاں کوئی قانون سے اوپر نہیں ہے، سوئٹزر لینڈ میں عام شہری کو وہاں کا قانون طاقتور سے مکمل تحفظ دیتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال غلام ہندوستان میں بڑے ہوئے، لیکن دونوں کے ذہن آزاد تھے، قائداعظم برٹش انڈیا میں سب سے قابل وکیل سمجھے جاتے تھے،علامہ اقبال جیسا فلسفہ کوئی پانچ سو سال میں بھی نہیں لا سکا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت، صنعت اور زراعت میں سے کسی ایک شعبے پر فوکس کریں تو ملک اوپر جا سکتا ہے، ہم نے2بار ملک میں ریکارڈ ڈالر منگوائے،یہاں اس لئے سرمایہ کاری نہیں ہوتی کیونکہ پلاٹ پر قبضہ ہو جاتا ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں