سندھ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری آئی، بلاول بھٹو


کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ہمیشہ غریبوں کے حقوق کی بات کرتی ہے۔

انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کی اور ضرورت مندوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پی پی پی نے سندھ کے مسائل حل کیے ہیں۔ تعلیم اورصحت کے شعبوں میں بہتری آئی تاہم پانی اب بھی صوبے کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ پانی کی کمی پورا کرنے کے لیے سندھ حکومت نے کینال سسٹم کے ذریعے ایک طویل المدت حل دیا ہے جس کے اثرات مستقبل میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 1700 ریورس آسموسس( آر او) پلانٹس لگائے ہیں لیکن ابھی بہت سارا کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اگرسندھ میں ہمیں اگلی حکومت ملی تو مزید کام کریں گے۔

اس موقع پرسابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کے لیے تاریخ ساز کام کیا۔  ہم نے کراچی میں لا یونی ورسٹی قائم کی، لیاری میں میڈیکل کالج قائم کیا، کراچی کے اسپتالوں میں 24 گھنٹے علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہم تعلیم اور صحت کے شعبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں