آصف زرداری نے نواب شاہ سے انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا


کراچی: سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی آبائی نشست نواب شاہ سے انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد سے کراچی پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں کوئی جماعت اکثریت حاصل نہیں کر پائے گی۔ اکثریت ملنا عمران خان کا خواب ہی رہے گا۔

آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی طاقتیں اور جمہوریت ہی دہشت گردی کا علاج ہیں۔ فاٹا کا انضمام پاکستان اورعوام کے حق میں ہے لیکن کچھ لوگ اپنے ذاتی ایجنڈے کے مطابق اس کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سوچ تھی، ذوالفقارعلی بھٹو کے دور میں فاٹا میں سیاست شروع ہوئی تھی اور بے نظیر بھٹو یہ معاملہ عدالت لے کر گئی تھیں۔ جب میں صدر تھا تو فاٹا انضمام کے معاملے پرایوان صدر میں جرگہ بلایا گیا تھا۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے توقع ظاہر کی کہ اس مرتبہ الیکشن کمشین شفاف انتخابات کراکے عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی۔

آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم رہنماؤں سے ملاقات  کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورسابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شریک چیئرمین کو سندھ میں پارٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، سینیٹر رحمان ملک، فرحت اللہ بابر اوردیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں