کراچی میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی

ووٹ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے اندرون سندھ کے بعد کراچی میں بھی دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کر دیئے۔

الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی میں موسم کی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کاوزارت داخلہ کو شہباز گل  پر تشدد  کےالزامات پر انکوائری کرانے کا حکم

الیکشن کمیشن نے کہا کہ نئی تاریخ کا اعلان موسم کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرا مرحلہ کے انعقاد پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 24 تا 26 اگست شدید بارشیں ہیں جبکہ 27 اور 28 اگست کو بھی ہونے کا امکان ہے اور ان بارشوں کے اثرات انتخابات کے دن بھی پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے متاثرین کی امدادی کا رروائیوں میں مصروف ہیں اور امدادی کارروائیوں کے دوران امن وامان کے لیے بھی فورس کی ضرورت ہے۔ ان حالات میں پولیس کی نقل و حمل ممکن نہیں ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ تقریباً 50 ہزار پولیس نفری کراچی ڈویژن کے انتخابات کے لیے متعین کی گئی تھی جس میں سے 33 ہزار کراچی میں موجود تھی جبکہ باقی 16 ہزار نفری اندرون سندھ سے منگوانی تھی۔ نفری کی تعیناتی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر ڈیوٹیاں دینی تھیں جبکہ پاک فوج نے بطور تھرڈ ٹائر سپورٹ دینی تھی لیکن وہ بھی اب امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ رینجرز اور پاک فوج کی مذکورہ انتخابات کے دوران دستیابی بھی ممکن نہیں ہو گی۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ملتوی کیے گئے ہیں جبکہ اس سے قبل حیدرآباد میں بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونے تھے۔

 


متعلقہ خبریں