قطر کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کرے گی

دوحہ: قطرانوسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان کے تجارتی وسرمایہ کاری کے شعبوں میں تین ارب امریکی ڈالرزکی سرمایہ  کاری کرے گی۔

پاکستان میں ہائیڈل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، شہباز شریف

ہم نیوز کے مطابق یہ بات وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی بابت جاری کردہ اعلامیے میں کہی گئی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں 3 ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کی تیاری پرامیرقطرکا شکریہ بھی ادا کیا۔

جاری کردہ اعلامیے کے تحت ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ وزرا اور سینئر ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا، دیوان امیری پہنچنے پر وزیر اعظم کا استقبال امیر قطر نے کیا، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مشاورت ہوئی، امیر قطر کی جانب سے وزیر اعظم اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ،علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں پاکستان قطر دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پراتفاق کیا گیا، دونوں فریقین نے باہمی تجارت بڑھانے کیلئے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پراتفاق کیا، زراعت، خوراک اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، قابل تجدید توانائی، سیاحت کے شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

اعلامیے کے تحت قطرمیں کام کرنے میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانیوں کو مزید مواقع فراہم کرنے پر گفتگو کی گئی، دفاع، ایوی ایشن اورمیری ٹائم ڈومینز میں تعاون کو وسعت دینے پر مشاورت ہوئی، وزیراعظم نے قطر کی شاندار اقتصادی ترقی پرقطری قیادت کو سراہا، وزیراعظم نے مستقبل میں قطری عوام کے لیے مزید کامیابیوں کی خواہش کا اظہار کیا، وزیراعظم نے ایل این جی شعبے میں ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

ہم نیوز کے مطابق جاری کردہ اعلامیے کے تحت توانائی کےشعبے میں باہمی فائدہ مند تعاون کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے پراتفاق ہوا۔

وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ قطرمیں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کیلئے تقویت کا باعث ہیں، قطرمیں مقیم پاکستانی عوام سےعوام کے روابط کی اہمیت کا بھی ثبوت ہیں، قطر کی تیزرفتاراقتصادی ترقی مستقبل میں پاکستانیوں کیلئے مزید مواقع فراہم کرے گی۔

قطر فٹ بال ورلڈ کپ: پاک فوج سیکیورٹی سنبھالے گی

جاری اعلامیے کے تحت وزیراعظم نے فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کیلئے کیے گئے وسیع انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے قطری قیادت کو میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے حمایت کی یقین دہانی کرائی، وزیراعظم اور امیر قطر نے خطے میں ہونے والی پیش رفت پربھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ کیلئے قطر کی کاوش کو سراہا، افغان عوام کو درپیش سنگین انسانی و معاشی بحرانوں سے نمٹنے کیلئے مل کرکام کرنے پراتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم اور امیر قطر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے تحت مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سےانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اورخوشحالی کیلئے مسئلہ کشمیرکا پرامن حل ضروری ہے۔

اعلامیے کے تحت امیر قطرنے وزیراعظم شہبازشریف کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی، امیرقطر نے پاکستانی عوام کی مسلسل ترقی اورخوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری قائم کرنے کےعزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے تحت  امیرقطرنے قطر کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار کو بھی سراہا، قطرویژن 2030 کے مطابق پاکستانیوں کو روزگارکے بہترمواقع فراہم کرنے کےعزم  کا اظہار کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق اعلامیے کے تحت وزیراعظم نے امیرقطر کو جلدپاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

اعلامیے کے تحت پاکستان اورقطر کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاک قطرتعلقات مشترکہ عقیدہ، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پرمبنی ہیں۔

پاکستان قطر کیساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، وزیر اعظم

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ قطر تھا۔


متعلقہ خبریں