سیلاب کے نقصانات سے بچنے کا واحد حل ڈیمز کی تعمیر ہے، عمران خان


ڈی جی خان: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ سیلاب کے نقصانات سے بچنے کا واحد حل ڈیموں کی تعمیر ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب متاثرین کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سیلاب سے ملک بھر میں جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں جبکہ بارشوں اور سیلاب سے سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے جبکہ 2010 کے سیلاب میں بھی اتنے نقصانات نہیں ہوئے جتنے حالیہ سیلاب میں ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا سندھ حکومت کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان

عمران خان نے کہا کہ سیلاب کے نقصانات سے بچنے کا واحد حل چھوٹے اور بڑے ڈیموں کی تعمیر ہے۔ ٹانک زام ڈیم کی فیزیبلٹی کی گئی ہے اور ڈیم تعمیر کر کے ہم سیلاب کے نقصانات سے بچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم تعمیر کر کے ہم بارشوں کے پانی کو قیمتی اثاثہ بنا سکتے ہیں۔

بعد ازاں اپنے ایک اور بیان میں عمران خان نے کہا کہ آج ڈی آئی خان اور ٹانک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، سیلاب نے ان علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ علاقے کی صورتحال اور متاثرین کی امداد اور بچوں میں بیماریوں کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات پر بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان اور ٹانک کی صورتحال دیکھ کر ملک کو درپیش چیلنج کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، ملک کے دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے۔


متعلقہ خبریں