پنجاب کے نگراں وزیراعلی کے لیے چار ناموں پر غور


لاہور: پنجاب کے نگراں وزیراعلی کے لئے شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی ملاقات ہوئی ہے جس میں چار متوقع ناموں پرغور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے کامران رسول اور ناصر کھوسہ کے نام سامنے آئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے جسٹس (ر) سائرعلی اور سابق آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر کے نام دیے گئے ہیں۔ نگراں وزیراعلی کا نام فائنل کرنے کے لئے پیر کے روز شہباز شریف اور میاں محمود الرشید کے درمیان ایک اور ملاقات بھی متوقع ہے۔

موجودہ اسمبلیاں 31 مئی تک ختم ہوجائیں گی جبکہ صدرمملکت نے 25 جولائی 2018 کوعام انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔ اگر نگراں وزیراعلی پراپوزیشن اورحکومت متفق نہ ہو سکے تو معاملہ چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا اور اگر وہاں بھی فیصلہ نہ ہو پاتا تو الیکشن کمیشن نگراں وزیراعلی کے نام کا اعلان کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان نے نگراں وزیر اعلی کے لئے منظور آفریدی کے نام پر اتفاق رائے کر لیا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں ابھی تک حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان ملاقاتیں جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں