پنجاب میں ہیلی کاپٹر سے ریلیف کی سرگرمیاں شروع

پنجاب میں ہیلی کاپٹر سے ریلیف کی سرگرمیاں شروع

لاہور: پنجاب میں آج سے ہیلی کاپٹر سے ریلیف کی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔

وزیر پارلیمانی امور راجہ محمد بشارت کی زیر صدارت وزارتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری اور ایس ایم بی آر نے اپنے دوروں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔

پنجاب میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی ریلیف کی سرگرمیوں کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے 2 ہیلی کاپٹر انتظامیہ کے سپرد کر دیئے گئے۔

وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسیکو کا کام مکمل ہوگیا اور اب ریلیف اور بحالی پر توجہ ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں اب تک 30 ہزار خیمے مہیا کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز

چیئرمین وزارتی کمیٹی نے کسی بھی جگہ کھانے پینے کے سامان کی قلت نہ ہونے دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مویشیوں کے لیے چارے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ دریائے سندھ میں ابھی سیلاب کا خطرہ باقی ہے اور متعلقہ حکام الرٹ ہیں۔

سیکرٹری انفارمیشن کو میڈیا کو متاثرہ علاقوں کا وزٹ کرانے کی ہدایت کی گئی جبکہ چیف سیکرٹری نے کہا کہ امدادی سامان کے ٹرک مسلسل متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں