چاہتا ہوں ویرات کوہلی لمبی اننگز کھیلیں لیکن پاکستان کیخلاف نہیں، شاداب خان


دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان بلے باز شاداب خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں ویرات کوہلی سینچری اسکور کریں لیکن پاکستان کے خلاف نہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز شاداب خان نے ایشیا کپ 2022 سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف گزشتہ سال کی جیت اب تاریخ کا حصہ ہے۔ یہ ایک نیا دن اور ایک نیا میچ ہے جبکہ ہم مثبت رویہ کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے کے باعث شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر کی کمی محسوس کریں گے تاہم حسن علی کی شمولیت ٹیم کے لیے مثبت ہے وہ ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: روہت شرما نے پاکستانی فین کی خواہش پوری کر دی

شاداب خان نے کہا کہ میں نے ابھی تک پچ نہیں دیکھی اس لیے تبصرہ نہیں کرسکتا۔ پاک بھارت میچ میں تناؤ ہوتا ہے لیکن اچھی کارکردگی دکھانے والی ٹیم کو ہی ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے تاہم ہم اچھا کھیلیں گے اور یہ کھیل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ وہ ٹورنامنٹ میں لمبی اننگز کھلیں لیکن پاکستان کے خلاف نہیں۔


متعلقہ خبریں