ایشیا کپ، وسیم اکرم نے بابر اعظم کی غلطی کی نشاندہی کر دی

فائل فوٹو


دبئی: قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارت کے خلاف میچ میں بابر اعظم کی غلطی بتا دی۔

غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ اسپنر سے آخری اوور کروانا بابر اعظم کی بڑی غلطی تھی جبکہ نواز سے 13ویں یا 14ویں اوور تک اسپیل کروانا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 کرکٹ میچ میں اسپنرز پاور ہٹرز کو زیادہ کنٹرول نہیں کر سکتے۔ پاک بھارت میچ کے دوران استعمال ہونے والی پچ اصل معنوں میں ٹی20 سے مطابقت رکھتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا شاہین شاہ آفریدی کو لندن میں ری ہیب مکمل کرانے کا فیصلہ

وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے دونوں طرف سے باؤلرز کو باؤنسر کرتے اور وکٹیں حاصل کرتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا جو آخری اوور تک رہا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارت کی تجربہ کار ٹیم کے سامنے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ نسیم شاہ اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے لیکن انہوں نے بہت متاثر کیا، ان کا مستقبل روشن ہے۔

واضح رہے کہ محمد نواز نے میچ میں کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کی اہم وکٹیں حاصل کیں تھی جبکہ آخری اوور میں جڈیجا کو بولٹ کرکے جیت کی امید جگائی تھی تاہم پانڈیا نے 2 بالز قبل اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروا دیا۔


متعلقہ خبریں