افغانستان کا روس سے سستا پیٹرول خریدنے کا فیصلہ


کابل: طالبان حکومت نے بھی سستے داموں پیٹرول کی خریدنے کے لیے روس سے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پابندیوں کے باجود بھارت اور میانمار کے بعد اب افغان حکومت بھی روس سے سستا پیٹرول خریدنے کی خواہش رکھتی ہے۔

افغان حکومت کی وزارت تجارت کے ترجمان حبیب الرحمان حبیب نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ پیٹرول کی خریداری کے لیے معاہدے کی شرائط پر تقریباً اتفاق ہوچکا ہے اور معاہدے کی تکمیل جلد ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ تیل کے علاوہ گندم اور گیس کی خریدری کے لیے بھی معاہدوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں جس کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا وفد روسی فریق کے ساتھ بات چیت کے لیے ماسکو میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 10 سال میں بننے والی غیرقانونی عمارت 5 منٹ میں زمین پر آگری

حبیب الرحمان حبیب نے کہا کہ معاہدے کی تکمیل کے بعد میڈیا کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ روسی وزارت خارجہ اور وزارت توانائی کے ترجمانوں نے اس پیش رفت پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ طالبان حکومت کو ایک سال بعد بھی تاحال کسی ملک نے اسے تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی 10 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے بحال کیے گئے۔


متعلقہ خبریں