کے پی میں آج میدان لگےگا، فاٹا انضمام بل پیش ہوگا

کے پی میں آج میدان لگےگا، فاٹا انضمام بل پیش ہوگا | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف آج فاٹا انضمام کا بل منظوری کے لیے صوبائی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ قواعد و ضوابط کے تحت بل قرارداد کی شکل میں ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

فاٹا انضمام کا بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پہلے ہی منظور ہو چکا ہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی سے منظوری کے بعد قبائلی علاقے خیبرپختونخوا میں شامل ہو جائیں گے۔

کے پی کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف عملاً ایوان میں اکثریت سے محروم ہے اور اس کے پاس محض 42 اراکین اسمبلی کی حمایت موجود ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 123 اراکین کے ایوان میں 81 حزب اختلاف سے تعلق رکھتے ہیں۔ ٖحزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے 15 اراکین تو فاٹا انضمام ہی کے شدید مخالف ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے تو واضح طور پر فاٹا انضمام بل کی شدید مخالفت کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان اورمحمود خان اچکزئی کی جماعتیں وفاق میں عملاً پی ایم ایل (ن) کی سیاسی اتحادی ہیں۔ فاٹا انضمام کے مسئلے پر وہ مختلف مؤقف کی حامل ہیں۔

فاٹا انضمام بل پاس کرانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو 83 اراکین کی حمایت درکار ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اوراسپیکراسد قیصرکو فاٹا انضمام بل کی منظوری کے لیے پی ٹی آئی کے 42 اراکین کے علاوہ ایوان سے مزید 41 اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔


متعلقہ خبریں