سیلاب متاثرہ بہن، بھائیوں کا بوجھ کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں، آرمی چیف


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ بہنوں اور بھائیوں کا بوجھ کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج مشکل کی اس گھڑی میں مشکلات پر قابو پانے کے لیے سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی اور سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کا بوجھ کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

آرمی چیف نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ اس ذمہ داری کو نیک مقصد کے طور پر لیں۔

واضح رہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے پھنسے لوگوں کو نکالنے اور راشن فراہمی کے لیے157 پروازیں بھریں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا سیلاب سےمتاثرہ طلبہ کےلیے خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک ہزار87  پھنسے ہوئے افراد کو  ریسکیو کیا گیا۔ آرمی ایوی ایشن کے ذریعے 72 ٹن امدادی سامان پہنچایا گیا۔متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار سے زائد  افراد کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

مختلف میڈیکل کیمپوں میں 51 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔میڈیکل کیمپوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ملک بھر میں امدادی سامان جمع کرنے کےلیے 221 ریلیف پوائنٹس قائم  کیے گئے ہیں۔ریلیف پوائنٹس پر1231 ٹن امدادی اشیا،غذائی اشیا اور ادویات جمع کی گئیں، جنہیں متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یو اے ای سیلاب متاثرین کےلیے 50ملین ڈالر کی امداد فراہم کر رہا ہے، وزیر اعظم

آئی ایس پی آر کے مطابق ایف ڈبلیو او نےاین ایچ اے کے ساتھ مل کر قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کی بحالی کویقینی بنایا۔سندھ میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو بڑھانے کے لیے اضافی انجینئر اور طبی عملہ کراچی منتقل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن 1125 اور 1135 فعال ہے۔شہری کسی بھی مدد کےلئے ان ایمرجنسی نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں