مجھے ڈر ہے امپورٹڈ حکومت کسی اور جنگ میں نہ دھکیل دے، وقت آئیگا دنیا کہے گی دیکھو! پاکستانی آرہا ہے، عمران خان


گجرات: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری انصاف کی تحریک اسلام آباد آئے گی، آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، پی ڈی ایم والے جو مرضی کرلیں ہم سے جیت نہیں سکتے، مجھے ڈر ہے امپورٹڈ حکومت ہمیں کسی اور جنگ میں نہ دھکیل دے، وہ وقت آئے گا کہ دنیا کہے گی دیکھو پاکستانی آرہا ہے۔

قوم کو اکھٹا کروں گا،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو متحرک کرکے قرضہ اتارنے میں مدد لوں گا، عمران خان

ہم نیوز کے مطابق ظہور الٰہی اسٹیڈیم گجرات میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں 18 روپے فی یونٹ بجلی تھی اسے بھی سبسڈائز کیا تھا، آج بجلی 36 روپے یونٹ ہے جو ٹیکسز لگا کر 50 روپے تک پہنچ جاتی ہے، جب ملک کا وزیراعظم چوری کرتا ہے تو ملک تباہ ہو جاتا ہے، انصاف آئے گا تو چوری اور کرپشن ختم ہو گی، ہم سب نے امپورٹڈ حکومت کے خلاف تحریک چلانی ہے، ہماری انصاف کی تحریک اسلام آباد آئے گی تو آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں لیکن پی ڈی ایم والے جو مرضی کر لیں ہم سے جیت نہیں سکتے، باہر بیٹھے اپنے آقا کی جتنی مرضی خدمت کرو یہ میچ تم نہیں جیت سکتے، سیلاب زدگان کیلئے پیسے اکٹھے کروں گا، میں اپنی قوم کو اکھٹا کر کے پیسہ جمع کروں گا، ابھی ہم تیاری کررہے ہیں، دیکھ رہے ہیں کہاں کہاں لوگوں کو ضرورت ہے؟

عمران خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو یقین دلاتا ہوں کہ ساری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، کل سیلاب والے علاقوں میں جا رہا ہوں، میں اپنی قوم کو حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے تیار کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس لئے منظور نہیں تھا کہ وہ آزاد خارجہ پالیسی چاہتا تھا، مجھے ڈر ہے کہ امپورٹڈ حکومت ہمیں کسی اور جنگ میں نہ دھکیل دے، میں نے 26 سال پہلے انصاف کی تحریک شروع کی تھی، آزاد عدلیہ کی تحریک چلی تو میں واحد لیڈر تھا جسے مشرف نے جیل میں ڈالا، میں نے اس وقت کہا تھا پاکستان کی عدلیہ آزاد ہونی چاہئے، میں نے ہمیشہ عدلیہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی، ن لیگ عدلیہ کو کہہ رہی ہے کہ عمران خان کے خلاف ایکشن لو۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں تھے تو شور مچا کہ پاکستان میں مہنگائی ہے، بلاول نے ڈرانے کیلئے مہنگائی مارچ کیا، بولے عمران خان کی کانپیں ٹانگیں گئی ہیں، شہباز شریف ہر روز کہتے تھے تم آئی ایم ایف کے غلام بن گئے ہو، ہم بھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں تھے، ہم پر الزام لگانے والے خود آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہو گئے ہیں، ملک میں 4 مہینے میں مہنگائی 45 فیصد پر پہنچ گئی ہے، اب ہم پوچھتے ہیں مہنگائی کیوں ہے؟ تو کہتے ہیں آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے ہے۔

عمران خان کی حفاظت پر 2 کروڑ ماہانہ خرچہ، حکومتی دعویٰ تفصیلات دیں، پی ٹی آئی

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت مہنگائی کم کرنے نہیں اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے آئی تھی، پہلے مشرف نے انہیں این آر او دیا اوران کے کیسز معاف کیے، ہم اپنی عزت نہیں کرتے اس لئے سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں ہوتی، کوئی مانگنے والا آئے تو مجبوری بتا کر ہی پیسے مانگتا ہے اور واپس نہیں کرتا ہے، انصاف کا نظام انسانوں کو آزاد کرتا ہے، انقلاب حقیقی آزادی کیلئے لانا چاہتے ہیں، وہ وقت آئے گا کہ دنیا کہے گی وہ دیکھو پاکستانی آرہا ہے، ہم ایک عظیم قوم ہیں لیکن سب سے پہلے ہمیں خود کو آزاد کرنا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی میں ہم نے کمزروں کو تحفظ دینا ہے، سب سے پہلے ہم نے اس ملک کے انصاف کے نظام کو ٹھیک کرنا ہے، چوروں کے ٹولے کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا ہے، امریکہ کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار پاکستانی قربان ہوئے، روس مجھے کم قیمت پر تیل دے تو میں کیوں نہ لوں؟ بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پر تیل خریدسکتا ہے تو ہم کیوں نہیں؟

انہوں نے کہا کہ جنہیں مسلط کیا گیا ہے انہیں جو آرڈر ملے گا وہ وہی کریں گے، یہ روس سے سستا تیل نہیں لیں گے کیونکہ امریکہ ناراض ہو جائے گا، میری حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے شرکائے جلسہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جلسے نے گجرات میں جلسوں کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، مجھے معلوم ہے کہ ڈیزل کی قیمتیں کہاں سے کہاں چلی گئی ہیں؟ ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا تو پیٹرول 150 روپے اور ڈیزل 145 روپے تھا، جب ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو سب کچھ مہنگا ہو جاتا ہے۔

جاں بحق افراد کے لواحقین کو 24 گھنٹوں میں معاوضہ دیا جائیگا، شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہو گا چاہے جان چلی جائے، وزیراعظم

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں قوم کو جگانے کی کوشش کر رہا ہوں، قوم میں شعور آ چکا ہے اس کے بعد انقلاب آئے گا، حقیقی آزادی تک قوم کی پرواز اوپر نہیں جاتی، غلام اوپر نہیں جا سکتے، غلام صرف اچھے غلام بن سکتے ہیں لیکن آزاد انسان اقبال کے شاہین بن سکتے ہیں، قائداعظم ایک غلام ہندوستان میں آزاد انسان تھے، عزت پیسے سے نہیں مل سکتی،  دنیا سے عزت کروانی ہے تو اپنی عزت خود کریں۔


متعلقہ خبریں