آٹو گراف، سیلفیاں اور گپ شپ، پاکستانی کھلاڑیوں کا ہانگ کانگ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا دورہ


ایشیا کپ میں ہانگ کانگ سے میچ جیتنے کے بعد قومی ٹیم  ہانگ کانگ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں پہنچ گئی۔

ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے میچ جیتنے کے بعد ہانگ کانگ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا دورہ کیا  اور ہانگ کانگ کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں گھل مل گئے۔پاکستان ٹیم نے ہانگ کانگ کھلاڑیوں کی شرٹس پر دستخط کیے اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سیلفیاں بھی لیں۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کے گپ شپ  کرنے کی ویڈیو ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری کردی۔  دونوں ٹیموں  کے کھلاڑیوں نے میدان کے باہر بہترین وقت گزارا۔ ایک دوسرے کو کھیل کے گر بھی بتائے۔

 

کسی نے شرٹ پر آٹوگراف لیا تو کسی نے بیٹ پر دستخط لیے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی بیٹ پر دستخط کیے جبکہ شاہنواز دھانی نے اپنے مخصوص انداز میں سیلفی لی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر قومی فاسٹ بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔پوری ٹیم صرف 10 عشاریہ 4 اوورز میں 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔


متعلقہ خبریں