منچھر جھیل کے بند ٹوٹنے کا خدشہ، باغ یوسف کے مقام سے کٹ لگا دیا گیا


منچھر جھیل کے بند ٹوٹنے کا خدشہ کے باعث باغ یوسف کے مقام سے کٹ لگا دیا گیا۔ضلع جامشورو کی پانچ یونین کونسلز خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

منچھر جھیل میں پانی کے دباوبڑھنے پر بند ٹوٹنے کے خدشے کے پیش نظر باغ یوسف کے مقام سےآر ڈی 14 سے  کٹ لگا دیا گیا۔منچھر جھیل کا پانی آبادی کی طرف بڑھنے لگا۔

اس سے قبل  سیلاب  خطرے کے پیش نظرضلع جامشورو کی پانچ یونین کونسلز خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو کا کہنا تھا  کہ سیہون شریف کے مقام پر منچھر جھیل میں پانی کی سطح بلند ہے۔ دو مقامات پر جھیل کے بندوں پر شدید دباؤ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بند کسی بھی وقت ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ عوام سے علاقہ خالی کرنے کی اپیل کی ہے۔ واہڑ، جعفرآباد، بوبک، آراضی اور چنہ کی یونین کونسلز کو خالی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جامشورو:منچھر جھیل میں پانی کے دباو میں اضافہ،دانستر نہر کے دروازےٹوٹنے کا خدشہ

وزیر اطلاعات سندھ  شرجیل میمن  کا کہنا ہے کہ تیز ہواوں کے باعث منچھر جھیل سے پانی اوور فلو ہورہا تھا۔ حکومت نے فیصلہ کیا کہ آبادیوں کو بچانا ہے۔بھان، سعید آباد اور سیہون کی آبادی کو بچانا تھا۔فیصلہ کیا گیا کہ منچھر کے مقام آر ڈی 14 پر کٹ لگایا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ 5یوسیز اس کٹ کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوں گی۔ اس کٹ کی وجہ سے پانچ یونین کو خالی کروایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاہے کہ سیہون تعلقہ اس سیلاب سے بری طرح متاثر ہوگا۔ یوسی بانجھارا اور جھانگارا پہلے ہی پانی کی زد میں ہے۔ایک لاکھ25 ہزار لوگوں کو فوری طور پر نقل مکانی کرنی پڑے گی۔

واضح رہے کہ  ایم این وی ڈرین اور جوہی کا سیلابی پانی منچھر جھیل میں داخل  ہونے سے جھیل میں پانی کا دباو بڑھ گیا تھا۔


متعلقہ خبریں