پی ڈی ایم موجودہ حالات میں بھی سیاست چمکا رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں موجودہ حالات میں بھی سیاست چمکا رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سینئر سیاستدان نذیر جٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ وقت سیاست سے اوپر سوچنے کا ہے اور اصل سیاست اس وقت دکھی انسانیت کی خدمت ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کے لیے میڈیکل کیمپس میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل کیمپس میں ضروری طبی سہولتیں اور ادویات وافر تعداد میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب اترے گا تو عمران خان اسلام آباد کی کال دیں گے، شیخ رشید

پرویز الہیٰ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ بدقسمتی سے پی ڈی ایم کی جماعتیں موجودہ حالات میں بھی سیاست چمکا رہی ہیں اور مخالفین کا بے حس رویہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے نزدیک مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی کوئی قدر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے سیلاب سمیت ہر اہم موقع پر غیر ذمہ دارانہ رویئے کا مظاہرہ کیا اور ان کی سیاست کسی اصول یا نظریئے کی بنیاد پر نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے آگے آنا عبادت سے کم نہیں اور مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں