آئی ایم ایف کہہ رہا ہے مہنگائی بڑھے گی، بجلی مزید مہنگی ہو گی، عمران خان


فیصل آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آئندہ اتوار کو ٹیلی تھون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا۔

سیلاب اترے گا تو عمران خان اسلام آباد کی کال دیں گے، شیخ رشید

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے زیر اہتمام اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ پانی کو نکالنے کیلئے ڈرینج سسٹم چاہیے، ملک میں ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنا ہو گا، کراچی میں نالوں پر لوگوں نے قبضے کر لیے ہیں، آج کراچی میں دو ہزار روپے میں بھی 20 کلو آٹا نہیں مل رہا ہے۔

فیصل آباد کو پاکستان کا مانچسٹر قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کرپٹ لوگ چوری کر کے ملک کا پیسہ باہر بھیجتے ہیں، اگر آئی ایم ایف قرض دیتا ہے تو شرائط سخت ہوتی ہیں، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا، چار مہینے پہلے پیٹرول 150 روپے کا تھا، آج عالمی منڈی میں 96 ڈالر پر آ گیا ہے، ہمارے دور میں بجلی 18 روپے یونٹ تھی، آج 36روپے یونٹ اور ٹیکس لگا کر 50 روپے یونٹ بن جاتی ہے، ہم نے عوام پر بوجھ پڑنے نہیں دیا تھا، چار مہینے میں مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر آگئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 2018 میں الیکشن مہم چلائی تو اس دوران ملک میں بہت بے روزگاری تھی، پاکستان میں صعنتی زون نقصان میں جا رہے تھے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہو رہی تھیں، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کو اپنا حق دلایا، ہمارے دور میں چار فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی، کسانوں کو شو گرملز مالکان سے بروقت رقم دلوائی، ساڑھے تین سال میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ترقی کی، لوگوں کو روزگار ملا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت نے چار ماہ کے دوران ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیمز بنانے ہوں گے، تحریک انصاف نے 50 سال کے بعد 10 ڈیمز بنائے، موسمیاتی تبدیلی کیلئے شجرکاری ضروری ہے۔

قوم سیلاب میں اور عمران خان اپنی میں میں پھنسے ہوئے ہیں، مریم اورنگزیب

سابق وزیراعظم نے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کہتی ہے لندن تو کیا میری پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے، حسین نواز کہتے ہیں لندن میں فلیٹس ہمارے ہیں، ہم نے دولت میں اضافہ کیا اور کرپشن کم کرائی، اقتدار میں آتے ہی ان لوگوں نے 1100 ارب روپے معاف کرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو پاور پلانٹ دنیا میں 100 ارب کے بنے وہ یہاں 130 ارب روپے کے بنے، شریف اور زرداری خاندان 30 سال سے ملک کا پیسہ لوٹ رہے ہیں، ان کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں، آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے، مشرف نے ان دونوں کو این آر او دے کر ملک پر بہت ظلم کیا، ان پر جب مشکل آتی ہے تو یہ ملک چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، میری قوم سمجھ جاؤ 30 سال سے آپ کو لوٹا جا رہا ہے، ان دونوں خاندانوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے، 20سال یہ ایک دوسرے کو چور کہتے رہے لیکن  جب تحریک انصاف کی سونامی آئی تو یہ دونوں اکھٹے ہو گئے۔

عمران خان نے شریف اور زرداری کو ملک کے لیے سیکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی وجہ سے ملک میں استحکام آئے گا، یہ لوگ الیکشن کرانے سے ڈرتے ہیں کیونکہ ملک میں الیکشن ہوں گے تو ان کا نام ونشان مٹ جائے گا۔ انہوں ںے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ مہنگائی بڑھے گی، بجلی مزید مہنگی ہو گی۔

کان کھول کر سن لو، ایک کال دی تو اسلام آباد میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عمران خان کی حکومت کو وارننگ

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شرکا سے استفسار کیا کہ کیا
جب میں آپ کو کال دوں تو باہر نکلیں گے؟ انہوں نے کہا کہ آج وعدہ کریں کبھی فیصل آباد میں لوٹوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے شرکائے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی حقیقی آزادی کیلئے آپ نے میرے ساتھ کھڑا ہونا ہے، ہم سب نے مل کر اس ملک سے قبضہ گروپ کو ہٹانا ہے، فیصل آباد میں بھی ایک دو لوٹے نکلے ہیں، آپ سب نے وعدہ کرنا ہے کہ فیصل آباد میں کبھی لوٹوں کو جیتنے نہیں دینا ہے۔

عمران خان نے ملکی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ کیا، مفتاح اسماعیل

عمران خان نے کہا کہ انشااللہ اس ملک کو حقیقی طور پر آزاد کر کے حقیقی قوم بنائیں گے، ہم نہ امریکہ کے سامنے جھکتے ہیں نہ پیسے کے سامنے، ایک دن آئے گا کہ سبز پاسپورٹ کی عزت ہوگی۔


متعلقہ خبریں