کیچ چھوڑنے پر دھمکیاں، ہربھجن ارشدیپ کے دفاع میں سامنے آ گئے


پاکستان کیخلاف میچ  میں آصف علی کا آسان کیچ ڈراپ کرنے پر بھارتی کرکٹر ارشدیپ سنگھ بھارتی انتہاپسندوں کے نشانے پر آ گئے۔ارشدیپ کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ایسے میں سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور پاکستان کے محمد حفیظ نے ان کی حمایت کی ہے۔

میچ کے انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں پاکستانی بیٹر آصف علی کا کیچ چھوڑنے پر بھارتی بولر ارش دیپ سنگھ تنقید کی زد میں آ گئے۔

اٹھارویں اوور میں پاکستان کو 16 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے۔ تیسری گیند پر آصف علی نے شاٹ ماری جس پر گیند ہوا میں گئی، بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے کیچ ، کیچ کی آوازیں لگائی گئیں لیکن فیلڈر ارشدیپ سنگھ نے آصف علی کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ٹیم نے ہم سے بہتر کھیلا، بھارتی کپتان

آصف علی کا کیچ چھوڑنے پر انتہا پسند بھارتیوں نے انہیں خالصتانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ارشدیپ نے پاکستان کو جتوانے کے لیے جان بوجھ کر کیچ چھوڑا۔

ہربھجن سنگھ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹر پر تنقید کرنا بند کریں،کوئی بھی جان بوجھ کر کیچ نہیں چھوڑتا۔ ہمیں اپنے لڑکوں پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے بہتر کھیلا، شرم آتی ہے ایسے لوگوں پر جو اس پلیٹ فارم پر ارش اور ٹیم کے بارے میں گھٹیاں باتیں کہہ کر اپنے ہی کھلاڑیوں کو نیچا دکھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دبئی کا بدلہ دبئی میں : پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی

سابق پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے تمام شائقین سے میری درخواست ہے کہ کھیل میں ہم انسان ہونے کے ناطے غلطیاں کرتے ہیں۔ براہ کرم ان غلطیوں پر کسی کی تذلیل نہ کریں۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں  پاکستان نے بھارت کو5 وکٹوں سے شکست دی ہے۔


متعلقہ خبریں