عمران خان کے خلاف لمبی کارروائی، کچھ ہو گئی، کچھ ہونے والی ہے، خواجہ آصف


وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف لمبی کارروائی شروع ہونے والی ہے، کچھ ہوگئی اور کچھ ہونے والی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمرا ن خان ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں ، وہ مسلسل اداروں پر حملہ آور ہورہے ہیں اورفوج میں اعلیٰ عہدوں کی تقرری کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،پاکستان میں کئی آرمی چیف مقرر ہوئے ،کوئی متنازعہ نہیں بنایا گیا ،عمران خان نے یہ کام کرلیا۔

عمران خان نے جلسے میں آرمی چیف کے حوالے سے غلط بیانی کی ،جلسوں میں اس طرح کے بیانات سے دفاع پر کیا اثر پڑیگا، یہ آپ کے سامنے ہے ،بھارت پاکستان کو معاشی اور دفاعی طور پر کمزور دیکھنا چاہتاہے۔

گزشتہ روز عمران خان نے جلسے میں کہا کہ وہ اپنی مرضی کا آرمی چیف مقرر کرناچاہتےہیں،عمران خان نے کہا ان کے مرضی کےآرمی چیف آئیں گے تو ان کی غلطیوں پر پردہ ڈالیں گے،فوج سیاستدانوں کو تحفظ نہیں دے سکتی۔

تین جرنیلوں کے اکلوتے بچے شہید ہوئے ،ہیلی کاپٹر کے حادثے میں کئی نوجوان شہید ہوئے ،افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کے لیے جانوں کی قربانیاں دیتی ہے،تھری اور ٹو اسٹار افسران شہید ہوئے ،شہادتوں کی بڑی فہرست ہے۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی جوان سیلا ب سے متاثرہ علاقوں میں وہاں موجود ہوتے ہیں جہاں رسائی ممکن نہیں ہوتی،عمران خان جلسو ں میں مصروف ہیں،5گھنٹے تک ہیلی کاپٹر نہ پہنچنے پر لوگ ڈوب گئے ۔

عمران خان اپنی سیاست کے تحفظ کے لیے فوج کی مدد مانگ رہےہیں،سیاستدان سیاسی جنگیں سیاسی میدان میں ہی لڑیں،جب سے ہم ایٹمی صلاحیت بنے ہمارے پڑوسی ممالک ہمارے مخالف بنے،اپنے مفاد کے لیے ملک سے نہ کھیلیں ، کچھ اداروں کا تقدس پاکستان کی سلامتی کے لیے ہے ۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ توشہ خانہ اور بحریہ سمیت کئی کرپشن کیسز میں یہ لوگ ملوث ہیں ،آئی ایم ایف کے حوالے سے خط سے بھی سب آگاہ ہے ،ملک میں افراتفری کا ماحول بنایا جارہاہے۔


متعلقہ خبریں