مسلح افواج اور عوام کے تعلقات کو ٹھیس پہنچانے والا پاکستان کا دوست نہیں ، وزیر اعظم



 وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جو بھی ہماری مسلح افواج اور عوام کے درمیان تعلقات کو ٹھیس پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے وہ پاکستان کا دوست نہیں ہے۔

یوم دفاع و شہدا کے موقع پروزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان مانومنٹ شکر پڑیاں کا دورہ کیا۔ یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم آج اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کر رہی ہے۔جنہوں نے آج سے 57 سال پہلے پاکستان پر اندھیرے میں  حملہ کرنے والے دشمن کیخلاف ملک کا دفاع کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج میں عمران خان کے متنازع بیان پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، آئی ایس پی آر

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے نہ صرف دشمن سے بچایا بلکہ ایک ایک چپے کی حفاظت کی اور دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے۔ پاکستان کی افواج نے اللہ کے سہارے اور اپنے عقیدے، مصمم ارادے سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم آج اپنے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اکٹھی ہے۔جنہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔ہماری مسلح افواج اور عوام نے مل کر ہماری علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی بھارتی سازشوں کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا ہے کہ جو بھی ہماری مسلح افواج اور عوام کے درمیان تعلقات کو ٹھیس پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے وہ پاکستان کا دوست نہیں ہے۔آئیے ایک قوم کے اس بندھن کو مضبوط کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تاریخی سیلاب اور دیگر چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ہمیں 1965 کے جذبے کو سمیٹنے کی ضرورت ہے۔قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ آج پھر سیلاب کے حوالے سے پوری قوم یکجا دو قالب ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے فوج مخالف بیانات پر حکمران اتحاد کو شدید غصہ، کارروائی کا عندیہ

انہوں نے کہا ہے کہ آج پھر جنگ ستمبر کی طرح کوئی پنجابی، پٹھان، سندھی، بلوچی، کشمیری یا بلتی نہیں بلکہ  سب ایک لڑی میں پروے جا چکے ہیں۔  سب اس طلاطم خیز سیلاب کا مقابلہ کر رہے ہیں، پاکستان میں اس سے پہلے قدرتی آفت کے حوالے سے اس  جیسی بڑی تباہی آنکھ نے دیکھی نہیں تھی۔قوم، حکومت اور افواج مل کر اس آفت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں