پاک فضائیہ کا یومِ دفاع کے موقع پر سیلاب متاثرین کیلئے امداد بڑھانے کا عزم


پاک فضائیہ کا سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی آپریشن جاری، پاک فضائیہ نے یومِ دفاع کے موقع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی کوششوں کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ اس تاریخی دن پر اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولے گی اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیئے کوششیں ایک نئے جوش اور ولولے کے ساتھ جاری رہیں گی، ضرورت کی اس گھڑی میں پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف نے سوات کے شہریوں سے کیا وعدہ پورا کر دیا

پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب زدگان کی بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کی دن رات مدد کر رہی ہیں، سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کے بحفاظت انخلا، امدادی سامان کی نقل و حمل اور ریسکیو مشنز کے لیے پاک فضائیہ کا ٹرانسپورٹ فلیٹ اور ہیلی کاپٹرز مسلسل محو پرواز ہیں۔ پاک فضائیہ کی ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 70 خیمے، 16189 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 1000 پانی کی بوتلیں اور 2331 خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیئے۔

ترجمان کے مطابق خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں میڈیکل ٹیموں نے 2012 مریضوں کا طبی معائنہ کیا۔ پاک فضائیہ کے جوان اس قومی بحران کی گھڑی میں وطن کی سالمیت اور ہم وطنوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کو ہمہ وقت تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں