سری لنکا سے شکست، بھارت کے فائنل کھیلنے کے امکانات کم


ایشیا کپ سوپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر بھارت کی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کے امکانات کم کر دیئے ہیں۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 174 رنز کا ہدف اننگز کے آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

سری لنکا کے کوسل مینڈس57 اور پاتھم نسانکا 52 رنز بنا کرنمایاں رہے، ان کے علاوہ دسن شاناکا نے 33 اور بھانوکا راجا پاکشا نے 25 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے یوزویندر چاہل نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اس سے پہلے سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔

سری لنکن فاسٹ بولرز نے ابتدا میں بھارتی بیٹرز کے لیے مشکلات پیدا کیں، پہلے راہول اور پھر ویراٹ کوہلی کی وکٹیں لے کر بھارت پر دباو بنائے رکھا۔

تاہم بھارتی کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے کاونٹر اٹیک کرتے ہوئے دباو کو ختم کیا اور 93 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ روہت شرما نے 72 جب کہ سوریا نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشانکا نے تین جب کہ کورنتنے اور شاناکا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 ٹاس

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اچھا مقابلہ ہوا اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے روی ایشون کو بشنوئی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سری لنکا کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں آج کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کوشش کریں گے کہ بھارت کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھیں۔

 


متعلقہ خبریں