نسیم شاہ کے دو چھکے، ایک جیت سے دو شکار، پاکستان کے دونوں پڑوسی ایشیا کپ سے باہر


ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے افغانستان کو انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

یوں پاکستان اور سری لنکا ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں پہنچ گئیں جب کہ بھارت اور افغانستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔

پاکستان کی اننگز

قومی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لیے 12 رنز درکار تھے جب کہ اس کی صرف ایک وکٹ باقی تھی۔ نوجوان بولر نسیم شاہ اور محمد حسنین وکٹ پر موجود تھے۔

افغانستان کی جانب سے آخری اوور کرانے کی ذمہ داری فاروقی کو سونپی گئی جنہوں نے اس سے پہلے اپنے تین اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔

نسیم شاہ فاروقی کی بولنگ کا سامنا کرنے کے لیے اسٹرائیک پر موجود تھے کہ انہوں نے فل ٹاس گیند پھینکی جو نسیم نے گراونڈ سے باہر پھینک دی یوں قومی ٹیم کو آخری پانچ گیندوں پر جیت کے لیے پانچ رنز چاہئے تھے۔

فاروقی نے دوسری گیند بھی ہائی فل ٹاس پھینکی جس کا نتیجہ بھی وہی رہا اور بال باونڈری پار کر گئی۔ نسیم شاہ کے لگاتار دو چھکوں نے قومی ٹیم کو آٹھ سال بعد ایشیا کپ کے فائنل تک پہنچا دیا۔

اس سے پہلے پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ایشیا کپ میں ناقص فارم کا تسلسل اس میچ میں بھی جاری رہا اور وہ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان بھی لمبی باری کھیلنے میں ناکام رہے اور رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ افغانستان کے بولرز نے محدود ہدف کو بچانے کے لیے پاکستان پر دباو بنائے رکھا اور پاکستان کی وکٹیں گرتی گئیں۔

ایک موقع پر شاداب خان اور افتخار نے اچھی باری کھیلی۔ شاداب خان 36 اور افتخار 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کے فاروقی اور فرید خان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کی اننگز 

اس سے پہلے افغانستان کے اوپنرز نے ابتدائی تین اوورز میں جارحانہ بلے بازی کی تاہم 36 کے اسکور پر حارث روف نے رحمان اللہ گرباز کی اہم وکٹ حاصل کر لی۔

اس دوران پاکستانی پیسرز نے دباو بنائی رکھا اور 43 کے اسکور پر خطرناک بیٹر حضرت اللہ زازئی کو بھی محمد حسنین نے چلتا کیا۔

78 کے اسکور پر کریم جنت محمد نواز کا شکار بنے جب کہ نجیب اللہ زردان دس کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

افغانستان کے ابرھیم زردان نے تھوڑی بہت مزاحمت کی اور 35 رنز کی اننگز کھیل کر حارث روف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 26 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ، حسنین، نواز اور شاداب خان ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

ٹاس

شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ دوسری اننگز میں اوس کی وجہ سے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم کا مورال بلند ہے۔

اس موقع پر محمد نبی نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرتے کیونکہ کھیل کے دوسرے حصے میں اوس اہم کردار ادا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کی گئی غلطیوں کو دوبارہ نہیں دھرائیں گے۔

ٹیمیں:

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔


متعلقہ خبریں