فاٹا انضمام میں تاخیر کی وجہ فضل الرحمان اور اچکزئی ہیں، شاہ محمود


اسلام آباد: رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فاٹا انضمام میں تاخیر کی وجہ فضل الرحمان اور محمود اچکزئی ہیں ورنہ یہ معاملہ بہت پہلے حل ہو چکا ہوتا۔

اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئرمین نے کہا کہ نوازشریف نے بھی فضل الرحمان اورمحمود اچکزئی کو منانے کی کوشش کی جبکہ تمام جماعتوں کی جانب سے یہ قدم پاکستان کے مفاد اور بہتری کے لیے اٹھایا گیا کیونکہ اس سے ملک کو فائدہ  ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بل سینیٹ اور قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت سے منظور کیا جا چکا ہے، اسمبلی میں فضل الرحمان کے موقف کو سب نے سنا لیکن بل کی منظوری کے بعد احتجاج یا تنقید بے سود ہے، ملکی مفاد میں کیے گئے فیصلے کی مخالفت سمجھ  سے  بالاتر ہے۔

نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اختلافات کے باوجود خیبر پختونخوا نے سب سے پہلے معاملہ حل کیا اور نگراں سیٹ اپ کا معاملہ آئینی طریقے سے پورا کیا۔


متعلقہ خبریں