چاند پر قدم رکھنےوالے ایلن بین انجانے سفر پر روانہ ہوگئے


ہیوسٹن/اسلام آباد: چاند کی سطح پر چہل قدمی کرنے والا چوتھے خلا باز ایلن بین 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ایلن بین کے اہلخانہ اور خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا نے موت کی تصدیق کی ہے۔

ایلن بین 15 مارچ 1932 کو امریکی ریاست ٹیکساس میں پیدا ہوئے اور1955 میں یونیورسٹی آف ٹیکساس سے ایروناٹیکل انجیرنگ کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے نیوی ٹیسٹ اسکول میں داخلہ لیا اور14 زیرتربیت افراد میں سے تھے جنہیں ناسا نے 1963 میں اپنے تیسرے گروپ کے لیے منتخب کیا۔

ایلن بین چاند کی سطح پر اترنے والے دوسرے جہاز اپالو12 کے پائلٹ تھے۔ انہوں نے 1973 میں امریکی اسپیس اسٹیشن پر پہنچنے والی دوسری ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

ایلن بین نے اس مشن کے دوران 24.4 ملین میل کا سفر 59 دن میں طے کرکے زمین کے گرد چکر مکمل کیا تھا جو اس وقت ایک ریکارڈ تھا۔

انہوں نے 69 دن خلا میں گزارے جس میں چاند پرگزارے جانے والے 31 گھنٹے بھی شامل ہیں۔ اب تک صرف 12 لوگ ہی چاند پر قدم رکھ سکے ہیں۔

ایلن بین نیل آرام سٹرانگ کے چاہ ماہ بعد چاند پرگئے اور’اوشین آف اسٹروم‘ نامی خطے پر اپنے قدموں کے نشان چھوڑے۔

اپالو12 مشن کے دوران ایلن بین اور ان کے ساتھی پیٹکونارڈ نے چاند کی سطح پر تجربات کیے اورمستقبل کے مشنز کے لیے جگہ تلاش کی تھی۔


متعلقہ خبریں