استعفیٰ نہیں دیا، الیکشن کیسا؟ تحریک انصاف کا ایم این اے عدالت پہنچ گیا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے استفعیٰ منظوری کو چیلنج کر دیا۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ میں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی ہیڈ آفس کے کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر 123 ارکان سے دستخط لیے گئے تھے۔ استعفے اسپیکر کو بھیجے تھے جن پرنام لکھا تھا اور نہ ہی تاریخ لکھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی محمد فہیم نے پارٹی چھوڑ دی

شکور شاد نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بتایا کہ یہ استعفے پارٹی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں اور ہم نے عمران خان سے اظہار یکجہتی اور سیاسی مقاصد کے لیے دستخط کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ استعفوں کی منظوری عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے اس لیے الیکشن شیڈول معطل اور سیٹ خالی کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ سال 2018 کے عام انتخابات میں شکور شاد کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 لیاری سے کامیاب ہوئے تھے۔ این اے 246 لیاری اور اطراف کے علاقوں پر مشتمل ہے جو پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جن 9 حلقوں سے ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں ان میں حلقہ این اے 246 بھی شامل ہے۔


متعلقہ خبریں