عالمی برادری کو قدرتی آفات سے دوچار غریب ممالک کی مدد کیلئے آگے بڑھنا ہو گا، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو سیلاب اور قدرتی آفات سے دوچار غریب ممالک کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہو گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی این ایف آر سی سی آمد پر انہیں سیلاب سے نقصانات اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد پر ان کے مشکور ہیں اور ان کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتونیوگوتریس اور وفد پاکستان سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں اور متاثرین کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا مگر بحالی کا بڑا چیلنج اب بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں، انتونیو گوتریس

شہباز شریف نے کہا کہ سیکرٹری جنرل ایسے وقت آئے ہیں جب ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، عالمی برادری کو سیلاب اور قدرتی آفات سے دوچار غریب ممالک کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے مختلف ممالک سے امداد پر ان کے شکر گزار ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہمیں فنڈنگ کی ضرورت ہے اور وفاقی حکومت پاک فوج کے تعاون سے متاثرہ علاقوں کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مواصلاتی نظام کی بحالی کے لیے مدد کی اپیل کی ہے اور وہ صرف پاکستانی نہیں لیکن پاکستانیوں کے جذبات کو سمجھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں