ریلوے کا نظام جزوی طور پر بحال

فوٹو: فائل


لاہور: محکمہ ریلوے کی جانب سے تین ہفتوں بعد ریلوے کا نظام جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔

محکمہ ریلوے کے مطابق تین ہفتوں بعد سکھر روہڑی جنکشن سے خیبر میل کو پشاور کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ پڈعیدن اور بھریا روڈ کے درمیان ریلوے ٹریک متاثر تھا۔ تاحال کراچی کا بذریعہ ٹرین رابطہ بحال نہ ہو سکا۔ محکمہ ریلوے نے فی الحال ملک کے دیگر شہروں کے لیے ریلوے سروسز شروع کر دی۔

ترجمان ریلوے کے مطابق سکھر روہڑی سے آج صبح پہلی ٹرین خیبر میل روانہ کی گئی اور وزارت ریلوے نے 10 مسافر ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا۔ یہ مسافر ٹرینیں پشاور سے راولپنڈی، لاہور، ملتان اور روہڑی کے درمیان چلائی جائیں گی۔

خیبر میل، پشاور سے راولپنڈی، لاہور سے ملتان اور روہڑی سے پشاور کے درمیان چلے گی جبکہ رحمان بابا ایکسپرس پشاور سے راولپنڈی، فیصل آباد اور روہڑی سے پشاور تک چلے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بی آر ٹی اورنج لائن بس کا آغاز کر دیا گیا

کراچی ایکسپرس لاہور سے روہڑی اور روہڑی سے لاہور کے درمیان چلے گی اور تیز گام ایکسپرس راولپنڈی سے روہڑی اور روہڑی سے راولپنڈی کے درمیان چلے گی۔ گرین لائن ایکسپرس راولپنڈی سے روہڑی کے درمیان چلے گی۔

ترجمان کے مطابق علامہ اقبال ایکسپرس وزیر آباد، سیالکوٹ نارووال سے لاہور، خانیوال اور روہڑی کے درمیان چلے گی جبکہ فرید ایکسپرس لاہور سے پاکپتن اور روہڑی کے درمیان چلے گی۔

قراقرم ایکسپرس لاہور سے فیصل آباد اور روہڑی سے لاہور کے درمیان چلے گی جبکہ جعفر ایکسپرس پشاور سے راولپنڈی، لاہور، ملتان اور روہڑی سے پشاور کے درمیان چلے گی۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلاب کے دوران ریلوے ٹریک زیر آب آنے کے سبب ٹرین آپریشن معطل کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں