قائد اعظم کے ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ


کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی 74ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں۔ قائد اعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شدید مشکل وقت ہے اور سیلاب کی زد میں پاکستان خاص طور پر صوبہ سندھ آیا ہے، سیلاب سے پورا سندھ ڈوب گیا ہے اور پوری دنیا نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یہ تباہی دیکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یواین سیکرٹری جنرل واپس روانہ، سیلاب سے تباہی کےذمہ دار جی ٹوئنٹی ممالک قرار

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں اپنا مؤقف پیش کریں گے، کم از کم 50 ارب کا نقصان لائیو اسٹاک کا ہوا ہے جبکہ کراچی میں جو نقصان ہوا اس کے آپ سب گواہ ہیں، پانی نہیں رکا۔ سندھ میں 10 گنا زیادہ بارش ہوئی ہے تاہم ہم نے لوگوں کی بحالی کے لیے کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گدو بیراج میں نارمل 4، ساڑھے 4 لاکھ کیوسک پانی آتا تھا لیکن اس بار گدو بیراج میں 4 ارب کے لگ بھگ ہو گیا۔ اس پانی کو نکالنے میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔ بارش اور سیلاب سے سوا کروڑ کے قریب لوگ بے گھر ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بہت بڑا انسانی المیہ ہے، پہلے بارش تھی اب سخت گرمی پڑ رہی ہے اور اس وقت لوگ بڑی تکلیف میں ہیں تاہم سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور کوشش ہو گی کہ نومبر دسمبر تک 75 فیصد علاقے کو ہم صاف کر لیں، اکتوبر میں گندم بھی کاشت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے کسان کے پاس کوئی بچت نہیں ہوتی اور اس وقت وہ پہلے ہی مقروض ہیں۔ ہم نے کسانوں کوسہولت دینی ہے اور ہم نے انفرا اسٹرکچر جو وینٹی لیٹر پر ہے اسے بحال کرنا ہے، ٹماٹر، پیاز کا بہت بڑا نقصان ہوا جبکہ کپاس مکمل ختم ہو گئی۔


متعلقہ خبریں