وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لیے اصلاحی پیکج کا اعلان کر دیا


گلگت: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان کے لیے اصلاحی پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے بعد اب اختیارات گلگت بلتستان کے منتخب نمائندوں کے پاس ہوں گے اور گلگت بلتستان اسمبلی کے پاس بھی صوبائی اسمبلیوں جیسے اختیارات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے سب کا حق ہے لیکن اختلاف رائے اصولوں پر ہونا چاہیے، ہمیں اپنے ترقیاتی کاموں پر فخر ہے اور کئی عشروں سے بند اسکیمیں بھی مسلم لیگ ن نے ہی شروع  کیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا گورنر مقامی ہو گا، اسے کسی اور شہر سے نہیں لایا جائے گا جبکہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور ججز بھی مقامی ہوں گے، شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کی سول سروس میں گلگت بلتستان کو کوٹہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا اپنا سول سروس سینٹر بنایا گیا ہے اور آئین میں ہر شہری کو حاصل حقوق اب گلگت بلتستان والوں کو بھی ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے گلگت بلتستان کو بے حد فائدہ ہوگا اور یہ بہت جلد ملک کا خوشحال علاقہ بن جائے گا۔

وزیراعظم  نے گلگت بلتستان کے ایک روزہ دورے کے دوران چنار باغ میں یاد گار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے گلگت بلتستان اسمبلی اور سیکرٹریٹ کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔


متعلقہ خبریں