کیانی کی طرح قیمتیں بڑھا دوں؟ ادویات کمپنیوں میں نگران بٹھا دیے، پیراسٹامول کی تمام اقسام میسر ہیں، وزیر صحت


اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ خدارا! عوام کی خدمت نہیں کر سکتے تو پینک نہ پھیلاؤ، کم بولو، سوچ کے بولو اور تقاریر کم کرو تاکہ سردرد کم ہو تو ادویات کی بھی قلت کبھی نہ ہو کیونکہ جس دوا کے شارٹ ہونے کا کہا جا رہا ہے وہ سر درد کی وجہ سے بھی شارٹ ہو جاتی ہے۔

پنجاب میں ڈینگی کے کاری وار جاری، ادویات نایاب ہو گئیں

ہم نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ مارکیٹ میں ادویات کی قلت ہوگئی ہے جب کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے ذخیرہ اندوزوں کو فائدہ ہوتا ہے، لوگ بھی خوفزدہ ہو کر زیادہ ادویات خریدنے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دباؤ میں آنے والی ادویات کی کمپنیوں میں نگران بٹھا دیے ہیں، ڈرگ انسپکٹر بھی کل سے روزآنہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ دینے کا پابند ہوگا۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پیرا سٹامول کوئی کہے کہ کم ہے تو بالکل غلط ہے، پیراسٹامول کی 50 اقسام ہیں اور تمام میسر ہیں۔ انہوں ںے واضح طور پر کہا کہ ہم ہر بڑی کمپنی کو ایمرجنسی میں پیرا سٹامول رجسٹرڈ کر کے دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

ادویات کی قیمتوں میں تین سالوں کے دوران تسلسل کے ساتھ اضافہ

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ جعلی ادویات کے مسلے پر ہم کل سے کریک ڈاؤن شروع کرنے جا رہے ہیں، جس کے نتائج 15 روز بعد آپ سے شئیر کئے جائیں گی، میڈیا اس مسلے پہ ہمارا ساتھ دے تاکہ عوام تک آواز پہنچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے گزارش ہے کہ ہم پر دباؤ نہ ڈالے۔

پی پی سے تعلق رکھنے والے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ جس دوا کے شارٹ ہونے کی بات کی جا رہی ہے تو وہ کسی خاص برینڈ کی مارکیٹنگ ہے، میں یہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کی اپنی حکومت میں انہوں نے 179 ادویات مہنگی کیں، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ادویات غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئی تھیں، 31دسمبر 2018 کو 404 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ خان صاحب نے کیا تھا لیکن اب را میٹریل سپلائے کرنے والوں کی بھی مانیٹرنگ ہو گی۔

تین ادویات کے فارمولوں میں تبدیلی کی منظوری

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ایک سوال کے جواب میں برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا میں بھی کیانی کی طرح ادویات کی قیمتیں بڑھا دوں؟ انہوں ںے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے، سب عوام کا ساتھ دیں لیکن اس صورتحال میں بھی کچھ ہمارے سیاسی دوست قومی خدمت کا حصہ نہیں بن رہے ہیں کیونکہ ان کو عوام کا دکھ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں