تحریک انصاف نے حکومت پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگادیا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگا دیا ہے۔

مجھے نواز ،الطاف سے نہ ملائیں، دہشتگردی کا مقدمہ ملک کی توہین، عمران خان

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان سے عمران خان سیاسی طور پر ختم نہیں ہوئے تو یہ انہیں جسمانی طور پر ہٹانا چاہتے ہیں، عمران خان کو ہٹانے کیلئے منافرت پھیلائی جا رہی ہے، اس سب کے پیچھے مریم نواز ہیں، جو بھی کر لیں اس کا جواب ملے گا۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے خلاف مذہبی کارڈ استمال کیا جارہا ہے، ویڈیوز ایڈٹ کرکے اپ لوڈ کی جا رہی ہیں، اسٹریٹجک میڈیا سیل اور اس کے ساتھ کام کرنے والے صحافی بھی شامل ہیں، یہ سارے لوگ عمران خان کے قتل پر کام کر رہے ہیں، یہ ساری اسکیم کے حصے دار ہیں، یہ لوگ مذہبی منافرت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں ںے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جس نے مخالفین کے خلاف پہلے توہین مذہب کے مقدمات بنائے، پھر دہشت گردی کے مقدمے قائم کئے، جب بات نہیں بنی تو مختلف بیانات کو لے کر مذہبی منافرت کا ماحول بنانا چاہتے ہیں تاکہ عمران خان سیاسی طور پر ختم نہیں ہوئے تو انہیں جسمانی طور پر ختم کیا جائے۔

فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز شریف اس سب کے پیچھے ہیں جو اسٹریٹجک سیل چلاتی ہیں، پیسے بھی وہی خرچ کرتی ہیں، اسکیم بنانا بھی انہی کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جو بھی کرلیں، جواب ملے گا، ان کی باری بھی آئے گی۔

عمران خان سیلاب کی صورتحال میں بھی سیاست کر رہے ہیں،طلال چودھری

انہوں نے کہا کہ اب تک ہم نے دو بڑی ٹیلی تھون کی ہیں اس کی تفصیل دیں گے، اب تک اکٹھے ہونے والے پیسے کی تفصیل بھی دیں گے، پاکستان میں بڑی تعداد میں لوگ سیلاب سے متاثر ہیں، یہ کسی بھی طرح عمران خان کو باہر کرنا چاہتے ہیں، انہیں معلوم ہےعمران خان کو الیکشن کے ذریعے نہیں ہرایا جا سکتا ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں، پاک امریکہ تعلقات کی بہت اہمیت ہے، امریکی سفیر سے ملاقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا کہ پہلی ٹیلی تھون میں 3 گھنٹے میں 5 ارب روپے کا اعلان کیا گیا، پہلی ٹیلی میں اعلان کردہ 5 ارب میں سے 2 ارب تعمیرنو کیلئے تھے، دوسری ٹیلی تھون میں کل 2 گھنٹے میں 5 ارب اکٹھے ہوئے، ٹیلی تھون کےذریعے اب تک 3 ارب 3 کروڑ اکاونٹ میں آ چکے ہیں۔

عمران خان! الیکشن 2023 میں ہوں گے، قانون ہاتھ میں لیا تو حرکت میں آئیگا، پھر چیخیں گے، روئیں گے، مریم اورنگزیب

ہم نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ثانیہ نشتر نے کہا کہ جہاں ہماری حکومت ہے وہاں پیسہ دینے کیلئے ہمیں آسانی ہوگی، چاروں صوبوں اور گلگت میں میکنزم کے تحت متاثرین سیلاب کو امداد دیں گے، امید کرتی ہوں جن صوبوں میں ہماری حکومت نہیں ہے وہاں پر بھی ہماری معاونت ہوگی، سیلاب زدگان کی امداد میں سیاست کو مدنظر نہیں رکھیں گے، سیلاب زدگان کو پنجاب بینک اور خیبر بینک کی مدد سے امداد دیں گے۔


متعلقہ خبریں