جڑواں شہروں میں 10 روز شدید گرمی پڑے گی، ہیٹ اسٹروک کا خدشہ


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے اگلے دس روز تک جڑواں شہروں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں اگلے دس دن تک درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

اتوار کو اسلام آباد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جڑواں شہروں میں آئندہ  دس روز تک گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا جو 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ترجمان پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز ( پمز ) نے گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے اور اس سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا ہے۔

ترجمان پمز اسپتال کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے بزرگ، بچے اور روزہ دار دن میں بلا وجہ  باہر نہ نکلیں اور افطار سے سحر کے دوران زیادہ سے زیادہ  پانی کا استعمال کریں۔

پمز اسپتال کے ترجمان نے شہریوں کو ہلکے کپڑے استعمال کرنے اور دھوپ میں نکلتے وقت سر پر گیلا کپڑا رکھنے کی ہدایت کی ہے جب کہ بخار، سر درد یا متلی کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ہیٹ اسٹروک کی علامات میں بخار، شدید سردرد، جسم کا سرخ ہوجانا اور گرم ہوجانا، زبان اور ہونٹوں کا خشک ہونا، متلی یا قے ہونا، غنودگی اور بے ہوشی طاری ہونا شامل ہیں۔

اگر کسی مریض پر ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ظاہر ہو تو اسے چھاؤں اور ٹھنڈی جگہ پر منتقل کیا جائے اور متاثرہ شخص کے جسم پر موجود کپڑے بھی کم  کر دیئے جائیں، متاثرہ شخص کو پنکھے کے نیچے لایا جائے یا  ہاتھوں سے ٹھنڈی ہوا دی جائے اور غنودگی سے بچانے کے لیے ٹھنڈا پانی پلایا جائے۔

ہیٹ اسٹرک کی صورت میں متاثرہ شخص کے سر اور جسم پر ٹھنڈے پانی کی پٹیاں کی جائیں اور مریض کی ٹانگوں کو اونچا کرکے رکھا جائے۔


متعلقہ خبریں