ٹی 20 ورلڈکپ، قومی اسکواڈ کا اعلان ہو گیا


لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان ہو گیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سیلیکٹر محمد وسیم نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔

آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، محمد نواز، شان مسعود، خوشدل شاہ، عثمان قادر، محمد حسنین، محمد وسیم جونیئر، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

بلے باز فخر زمان، محمد حارث اور شاہنواز دھانی ٹریول ریزرو کی حیثیت سے سفر کریں گےجبکہ عامر جمال اور اسپنر ابرار احمد بھی انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

چیف سیلیکٹر محمد وسیم کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کا ایونٹ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

محمد وسیم نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف 23 اکتوبر کو کھیلے گا۔

سلیکٹرز نے فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کے سوا ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ تمام کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شامل کیا ہے۔ فخر زمان گھٹنے میں تکلیف کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ آل راؤنڈر عامر جمال اور اسپنر ابرار احمد کو بھی انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈ میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کے پریکٹس شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہےاور دونوں ٹیمیں اپنا پہلا پریکٹس سیشن جمعہ کی شام کریں گی۔

ہفتے کو بھی پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اپنے پریکٹس سیشن کریں گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز مقامی وقت کے مطابق رات 7:30 بجے شروع ہوں گے۔

پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز، میچ آفیشلز کا اعلان

واضح رہے انگلش ٹیم پاکستان میں 7 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جن میں سے کراچی میں 4 اور لاہور میں 3 میچز کھیلے جائیں گے۔

سیریز کا افتتاحی میچ 20 ستمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں