سیاسی مداخلت نے سول سروس کو تباہ کر دیا، عمران خان


کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پہلی بار مکمل تیاری کے ساتھ الیکشن  لڑ رہی ہے اور اس بار ہم اچھے امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے۔

کراچی میں تاجر برادری سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سول سروس میں سیاسی مداخلت نے اس شعبے کو تباہ کر دیا ہے لیکن ہمیں اداروں کو ٹھیک کرنا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف کے ساتھ  کام کرنے والے تمام سینئر افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور انہیں ملک چھوڑنے سے روکا جائے، شہباز شریف اور صاحبزادوں کی کرپشن لمیٹڈ کمپنی کی بدعنوانیوں سے پردہ اٹھانا لازم ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کینسر کے مرض کا علاج ہے، ملک میں کینسر کے مزید اسپتال  ہونے چاہیئں، شوکت خانم میں عالمی معیار کا علاج ہوتا ہے اور وہاں سے علاج کرانے والے ابھی زندہ ہیں۔

انہوں نے عقیل کریم ڈیڈھی سمیت تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مخیر حضرات کی امداد سے کینسر کے خلاف جنگ لڑی جاسکتی ہے، کراچی میں بھی کینسر کا ماڈرن اسپتال بننے جا رہا ہے، شوکت خانم اب تک 33 ارب روپے غریب مریضوں پر خرچ کرچکا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پلاننگ کمیشن نہ ہونے سے ملک میں غلط فیصلے کیے گئے، جو ملک دنیا میں سب سے کم ٹیکس دیتا ہے وہی ملک دنیا میں سب سے زیادہ خیرات دیتا ہے۔


متعلقہ خبریں