سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کوئی ملک کیش دیگا تو وہ وزیراعظم ریلیف فنڈ یا آرمی فنڈ میں جائیگا، وزارت اقتصادی امور

سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کوئی ملک کیش دیگا تو وہ وزیراعظم ریلیف فنڈ یا آرمی فنڈ میں جائیگا، وزارت اقتصادی امور

اسلام آباد: وزارت اقتصادی امور کے حکام نے کہا ہے کہ اگر سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کوئی ملک کیش دے گا تو وہ وزیراعظم ریلیف یا آرمی فنڈ میں جائے گا۔

ووئی سٹینڈ ٹوگیدر: متحدہ عرب امارات کی پاکستان کو 12 سو ٹن خوراک کی امداد

ہم نیوز کے مطابق وزارت اقتصادی امور کے حکام نے یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے منعقدہ اجلاس میں بتائی۔

اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے کی، شرکائے اجلاس کو وزارت اقتصادی امور کے حکام نے بریفنگ دی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے اراکین نے وزارت کے حکام سے بیرونی ممالک سے آنے والی امداد کے طریقہ کار سمیت دیگر متعقلہ امور پر سوالات کیے۔

وزارت اقتصادی امور کے حکام نے اس ضمن میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی امداد جو کیش میں ہو وہ وزیراعظم ریلیف فنڈز میں جمع ہوگی۔

ایڈیشنل سیکریٹری وزارت اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ بحرین نےایک ملین ڈالرز دینے کا دینے کا اعلان کیا تھا لیکن این ڈی ایم اے نے کہا ہم نہیں لے سکتے تو اس کے بعد بحرین سے ملنے والے فنڈ کو آرمی فنڈ میں ڈالنا پڑا۔

اجلاس میں شریک سینیٹر منظور کاکڑ نے اس پر استفسار کیا کہ اگر این ڈی ایم اے فنڈز بھی نہیں لے سکتا تو اس ادارے کا مقصد کیا ہے؟

رکن کانگریس شیلا جیکسن کا سیلاب متاثرین کیلئے 30 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان

وزارت اقتصادی امور کے ایڈیشنل سیکریٹری نے اس پر اجلاس کو بتایا کہ اگر کوئی ملک کیش دے گا تو وہ وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں جائے گا اور یا آرمی فنڈ میں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے 400 ملین آر ایم بی سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کیا ۔

ایڈیشنل سیکریٹری وزارت اقتصادی امور کی جانب سے کی جانے والی وضاحت پر سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے ایک ملین ڈالرز نہ لینے پر افسوس ہوا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو جوائنٹ سیکریٹری وزارت اقتصادی امور نے دوران بریفنگ بتایا کہ ہم ان این جی اوز کو ڈیل کر رہے ہیں جو انٹرنیشنل فنڈنگ لیتی ہیں۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے اس موقع پر انہیں ہدایت کی کہ وہ این جی اوز جن کو بیرونی فنڈنگ ملتی ہے ان کی تفصیل کمیٹی کو فراہم کریں۔

جوائنٹ سیکریٹری وزارت اقتصادی امور نے شرکائے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 16 ہزار این جی اوز پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں، ایک ہزار این جی اوز کو غیر ملکی فنڈنگ ملتی ہے اور وہ وزارت اقتصادی امور میں رجسٹرڈ ہیں۔

پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں، انتونیو گوتریس

ہم نیوز کے مطابق جوائنٹ سیکریٹری نے قائمہ کمیٹی کا بتایا کہ این جی اوز کے حوالے سے نئی پالیسی بن گئی ہے، کابینہ کو بھیج دی ہے، منظوری کے بعد نئی پالیسی نافذ ہوجائے گی۔


متعلقہ خبریں