شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات میں آرمی چیف کی تعیناتی پر گفتگو نہیں ہو گی،خواجہ آصف


 وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق گفتگو نہیں ہو گی۔ 

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین اور قانون کے مطابق ہو گی۔اہم تعیناتی کو سیاسی ایشو نہیں بنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کی تعیناتی پر کوئی تنازع نہیں، وزیراعظم وقت پر ہی تقرری کریں گے، شاہد خاقان عباسی

ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق گفتگو نہیں ہو گی۔آرمی چیف کی تعیناتی پر نومبر میں مشاورت کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر وزارت دفاع ، جی ایچ کیو اور وزیراعظم مشاورت کرتے ہیں۔عمران خان پہلے سیاسی لیڈر اور پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جو ادارے سے مداخلت چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف لندن کے دورے پر موجود ہیں جہاں آج وہ نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے اجلاس میں اہم سیاسی معاملات  پر فیصلے بھی متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ نواز شریف کی مشاورت سے کریں گے، خرم دستگیر

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنماخرم دستگیر نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف لندن میں نواز شریف سے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں