بچوں کو پیڈیا ٹرک فائزر کوویڈ ویکسین لگانے کی ملک گیر مہم کا افتتاح


اسلام آباد: پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ بچوں کی ویکسی نیشن مہم کا آغاز تمام پاکستانیوں کو تباہ کن مرض سے تحفظ دینے کے حوالے سے قابل فخر پیشرفت ہے، پاکستانی بچوں کے تحفظ کے لیے ہماری یہ شراکت ہمارے دیرینہ و باہمی تعاون اور بین الاقوامی بحران پر قابو پان کی اہمیت کی عکاس ہے۔

کورونا بچاو مہم شروع، 5 سے 12 سال تک کے بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی

ہم نیوز کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے یہ بات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ویکسی نیشن سینٹر کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کے ہمراہ امریکی حکومت کی جانب سے عطیہ کی گئی 80 لاکھ فائزر کووڈ 19 پیڈیا ٹرک ویکسین کی پہلی کھیپ کی خوراک بچوں کو دینے کی ملک گیر مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

واضح رہے کہ کورونا وبا کے آغاز پر امریکہ نے 7 کروڑ 80 لاکھ خوراکین پاکستان کو دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا جس میں سے اب تک 7 کروڑ سے زائد خوراکیں پاکستان کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے امریکہ پاکستان کو کورونا کی سب سے زیادہ خوراکیں عطیہ کرنے والا ملک بھی ہے۔

امریکہ نے 6 ماہ اور اس سے بڑی عمر کے بچوں کیلئے کورونا ویکسین کی منظوری دیدی

امریکی حکومت یو ایس ایڈ کے توسط سے حکومت پاکستان کی پانچ سے لے کر گیارہ سال تک کے بچوں کو کووڈ 19 سے تحفظ کی ویکسین لگانے میں معاونت کر رہی ہے۔ مہم اسلام آباد، سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں شروع کی گئی ہے۔

مہم کی افتتاحی تقریب میں این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شبانہ سلیم اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

کورونا ویکسین نہ لگوانے والے مریض کا ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرنے سے انکار

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادیوں کو کورونا وبا سے تحفظ دینا دونوں حکومتوں کی مشترکہ ترجیح ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ویکسین لاکھوں بچوں کو وبا کے انتہائی تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے میں معاون و مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے امریکی حکومت کی اس حوالے سے حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔


متعلقہ خبریں