سیلاب متاثرین کی مدد: انجلینا جولی پاکستان پہنچ گئیں


ہالی وڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی خصوصی سفیر انجلینا جولی ایک بار پھر پاکستان پہنچ گئیں۔

پاکستان پہنچ کر ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، انجلینا جولی نے سیلابی صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے کشتی کا استعمال بھی کیا، انجلینا جولی نے متاثرہ خواتین سے ان کی ضروریات اور مسائل پر بات کی۔

یاد رہے انجلینا جولی تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پاکستان کے دورے پر آئی ہیں۔

انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بتایا گیا تھا کہ انجلینا جولی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرہ افراد سے ملاقات کریں گی اور مستقبل میں ایسے مسائل کو روکنے کے حوالے  اقدامات پر گفتگو کریں گی۔

آئی آر سی کے بیان کے مطابق انجلینا جولی اپنے دورے کے دوران اس بات کا مشاہدہ کریں گی کہ پاکستان جیسے ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے اس بحران کی سب سے بڑی قیمت کس طرح ادا کر رہے ہیں، جس کے وہ ذمہ دار بھی نہیں ہیں۔

انجلینا جولی اس سے قبل 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے متاثرین سے ملاقات کے لیے بھی پاکستان آچکی ہیں۔


متعلقہ خبریں