عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے بانڈز کی قیمت میں 15 فیصد سے زائد کمی


عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے بانڈز کی قیمت میں پندرہ فیصد سے زائد کمی ہوگئی۔

فنانشل ٹائمز کی خبر کے بعد پاکستانی بانڈز کی قیمت گرنا شروع ہوگئی۔ رائٹرز کے مطابق2024 کے پاکستانی بانڈز کی قیمت نو سینٹ کمی سے 50 سینٹ رہ گئی۔2027میں میچور ہونے والے بانڈز کی قیمت 45 سینٹ کی سطح پر آگئی ہے۔

فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ  نے تجویز دی ہے کہ پاکستان سے قرض  کی وصولی کو معطل کیا جائے۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بانڈز کی ادائیگیاں مؤخر کرنے کے خدشات کو مسترد کردیا۔ کہا موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے باعث پیرس کلب سے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف چاہتے ہیں۔ کمرشل بینکوں یا یورو بانڈز کی ادائیگیوں میں نا ریلیف چاہتے ہیں اور نا ہی اس کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آٹا، دالیں، آلو، چنا، انڈے، چینی اور مرغی مزید مہنگی ہو گئی

ان کا کہنا ہے کہ دسمبر میں ایک ارب ڈالر کے بانڈز کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔ جو کہ مکمل اور بروقت کی جائیں گی۔ تمام کمرشل قرضوں کی ادائیگیاں کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہاہے کہ دو ہزار اکاون تک یورو بانڈز کی مد میں آٹھ ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنا ہیں۔ یہ کوئی بڑا بوجھ نہیں ہے۔ ہمارے قرض کا بڑا حصہ دوست ممالک کا ہے، جنہوں نے کہا ہے کہ وہ ڈیپازٹس کی مدت میں توسیع کریں گے۔

تحریک انصاف نے بانڈز کی قیمت میں کمی پر حکومت کو نشانے پر رکھ لیا۔ اسدعمر نے کہا دسمبر کے سکوک بانڈز پر سالانہ شرح سود ایک سو تیرہ فیصد تک جا پہنچی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خدشات ہیں۔ سوال کیا کہ یہ لوگ ملک کے ساتھ کیا کر رہے ہیں؟ روزانہ حکمرانوں کے کرپشن کیسز کی معافی اور معیشت کے بارے میں بری خبریں آ رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں