پاکستان انتہائی خطرناک صورتحال پر پہنچ گیا ہے، اسد عمر


کراچی: سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی خطرناک صورتحال پر پہنچ گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میری سندھ ہائی کورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کیس میں پیشی تھی جو عمران خان، فواد چودھری اور مجھ پر کیا گیا تھا۔ آج کل الیکشن کمیشن کے فیصلے قانون کی بندش میں نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی خطرناک صورتحال پر پہنچ گیا ہے اور امپورٹڈ وزیر اعظم کو یہ نہی سمجھ آرہا کہ انہیں کیوں کرسی پر بٹھا دیا گیا۔ حکمران مہنگائی کو کم کرنے کے لیے آئے تھے لیکن یہ مہنگائی کی شرح کو 45 فیصد پر لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ نے دفعہ 124 اے کے خلاف شیریں مزاری کی درخواست مسترد کر دی

اسد عمر نے کہا کہ ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور بے روزگاری، دہشتگردی میں اضافہ ہو رہا ہے، جرائم بھی بڑھ رہے ہیں لیکن حکومت کی توجہ اپنے کرپشن کیسز ختم کروانا ہے اس لیے نیب ترامیم کی گئیں۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ کے کیسز ختم ہوتے جائیں اور مہنگائی بڑھتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کال دی ہے اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بڑے اجتماعات ہونے جا رہے ہیں، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ ملک میں ساری مہنگائی کے ذمہ دار اسحاق ڈار تھے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک تو مسلسل چل رہی ہے اور عمران خان کی کوشش تھی کہ افراتفری نہ پھیلے تاہم عوام کی بڑی طاقت ہمارے ساتھ ہے اور جہاں سیلاب نہیں آیا وہاں الیکشن ہونے تھے لیکن وہ بھی ملتوی کر دیئے گئے۔


متعلقہ خبریں