وزیراعظم شہباز شریف اور نامزد وزیر خزانہ اسحاق ڈار وطن واپس پہنچ گئے


وزیراعظم شہباز شریف امریکہ اور برطانیہ کے دورے کے بعد نامزد وزیر خزانہ اسحاق ڈار  کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ان کا وفد خصوصی طیارے میں لندن سے براہ راست اسلام آباد پہنچا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور ان کے وفد کو لانے والے طیارے نے نور خان ائیر بیس پر لینڈ کیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے بعد ہفتہ کو لندن پہنچے تھے۔

انہوں نے لندن قیام کے دوران نواز شریف سے دو اہم ملاقاتیں کیں، نوازشریف، شہباز شریف اور دیگر پارٹی قیادت کی گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کا قلمدان دینے کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہماری خارجہ پالیسی کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ ضروری ہے،شہباز شریف

پارٹی قائد نواز شریف نے اسحاق ڈار کو وزیراعظم کے ساتھ پاکستان جانے کا مشورہ دیا تھا۔

اسحق ڈار پانچ برس سے لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی بسر کررہے تھے، گزشتہ روز لندن میں اعلی لیگی قیادت کے اجلاس میں مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی پیش کیا تھا، معاشی جادوگر کہلانے والے اسحاق ڈار کو پاکستان میں مہنگائی میں کمی ڈالر کو قابو میں رکھنے اور معیشت کی ترقی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار کا روز اوّل سے موقف تھا کہ ان خلاف مقدمات سیاسی ہیں، اسحاق ڈار اپنے صاحبزادے علی ڈار کے ہمراہ لوٹن ائر پورٹ روانہ ہو گئے ہیں، اسحاق ڈار پاکستان ہائی کمشن کے عملے اور گاڑیوں کے ہمراہ لوٹن ائر پورٹ روانہ ہوئے، جہاں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جہاں سے سفر ختم ہوا وہیں سے آغاز کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں