سیلاب متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے، وزیر اعظم


دادو: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وقت ضائع کیے بغیر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ کے ضلع دادو میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ اور اس کے بعد بلوچستان میں نقصان ہوا جبکہ سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کرنے والوں کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ متاثرین کے لیے دل کھول کر امداد دے رہے ہیں اور متاثرین کی بحالی کے لیے ریسکیو اور ریلیف کا کام جاری ہے۔ مشکل وقت میں صوبوں اور وفاق کو مل کر کام کرنا چاہیے اور سیاست کے بجائے اس وقت متاثرین کی مدد کے لیے کام کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: شہریار آفریدی نے عدالت میں معافی مانگ لی

شہباز شریف نے کہا کہ وزیر خارجہ سمیت ہمارے ساتھیوں نے سیلاب کی صورتحال پر بھرپور آواز اٹھائی اور دنیا پاکستان میں سیلاب کی صورتحال سے آگاہ ہے۔ اقوام متحدہ میں تقریر میں سیلاب اور پاکستان کے حوالے سے بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، حکومت اور انتظامیہ نے متاثرین کی خدمت کی ہے اور اب بھی ہمیں مزید کام کرنا ہے، سب نے مل کر مشکل سے نکلنا ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وقت کو ضائع کیے بغیر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے، مشکلات ضرور ہیں جس کا حل تلاش کریں گے۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرین کے فی خاندان 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں