جب تک چوروں کی غلامی کریں گے ہمیں آزادی نہیں ملے گی، عمران خان


پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک چوروں کی غلامی کریں گے، ہمیں آزادی نہیں ملے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے علما کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی اسکالر نہیں ہوں تاہم میں نے مغربی کلچر اندر سے دیکھا ہے۔ ہمیں شروع سے اسلام کی تربیت دی گئی اور ہمارے نبی ﷺ تمام جہانوں کے لیے آئے تھے۔ اللہ ہمیں انسان کے عروج کا راستہ دکھاتا ہے اور ہمارے لیے بہترین نمونہ ہمارے نبی ﷺ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے عظیم اشخاص میں ہمارے نبی ﷺ پہلے نمبر پر ہیں، ہمارے بچے بل گیٹس اور اسٹیو جانز کو پڑھتے ہیں جبکہ مدینہ کی ریاست کے اصول مغربی معاشرے نے اپنائے ہیں۔ جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہیں وہ جانوروں کا معاشرہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قانون سے اوپر کوئی نہیں ہوتا اور جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا وہ تباہ ہوجاتی ہے۔ مسلمان ممالک میں 20 فیصد بھی قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔ اشرافیہ اور غریب کے لیے الگ الگ قانون ہوتا ہے جبکہ مغرب میں کتے کو مارنے پر پولیس والے کو سزا دی گئی لیکن ہمارے ملک میں پولیس نے شہباز گل پر تشدد کیا۔

انہوں نے کہا کہ مفرور جھوٹ بول کر بیرون ملک جاتے ہیں اور ملک کے فیصلے کرتے ہیں جن کی حقیقت مبینہ آڈیوز میں سامنے آگئی ہے۔ منشی اسحاق ڈار کو ڈیل کے ذریعے پاکستان لایا گیا اب کیا بلا دودھ کی حفاظت کرسکتا ہے ؟ اسحاق ڈار کو معیشت ٹھیک کرنے کی ذمہ داری دی جا رہی ہے۔ اسحاق ڈار تو خود خوف سے بیرون ملک فرار ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کا واقعہ، ن لیگ کا جارحاجہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مغربی ممالک میں اس طرح نہیں ہوتا جو یہاں ہو رہا ہے اور مغرب میں غریب کو حکومت وکیل کر کے دیتی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو دیکھ کر لوگ مذہب سے دور ہوجاتے ہیں۔ پاکستان اس وقت ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کا پیسہ لوٹا اور ان کے پیسے بیرون ممالک میں پڑے ہیں جبکہ ہم پر ان حکمرانوں کی وجہ سے ڈرون حملے ہوئے اور یہ خاموش تھے لیکن کیا ہم برطانیہ میں اپنے ملزم پر ڈرون حملہ کرسکتے ہیں؟ جو وہ کہیں گے یہ حکمران وہی کریں گے اور کبھی ان کے خلاف بات نہیں کریں گے۔ کوئی ملک کسی پر ڈرون حملہ نہیں کرسکتا کیونکہ یہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے، وزیر اعظم

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب آزاد خارجہ پالیسی آتی ہے تو مشکل وقت سے نکلنا پڑتا ہے اور آزادی پلیٹ میں نہیں ملتی بلکہ مشکل سے گزرنا پڑتا ہے۔ ہم آزاد لوگ ہیں اور کلمے کے بعد کیسے کسی کی غلامی کر سکتے ہیں۔ قومیں وہ اٹھتی ہیں جو اپنے پاؤں پر کھڑی ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب آیا تھا۔ جب تک چوروں کی غلامی کریں گے، ہمیں آزادی نہیں ملے گی اور یہ حکومت کرنے نہیں آئے بلکہ اپنا پیسہ بچانے آئے تھے لیکن عمران خان ان حکمرانوں کا راستہ روکے گا۔

بعد ازاں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 17 سال کے بعد ہمارے دور میں پاکستان کی معیشت اوپر جا رہی تھی کہ پاکستان کے ساتھ جو ہوا کوئی دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا۔ اربوں روپے کی چوری کر کے لندن میں مفرور شخص ملک کے فیصلے کر رہا ہے اور ایک مفرور پاکستان کی معیشت کے فیصلے کرنے پاکستان واپس آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک اشتہاری 22 کروڑ عوام کے خزانے پر بٹھا دیا ہے جو بیماری کا بہانہ کر کے ملک سے بھاگا اور ڈیل کر کے پاکستان واپس آیا۔ ہمارے دور میں ایکسپورٹ 32 ارب ڈالر پر تھی لیکن آج پاکستان میں مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ تیل کی درآمد ہے لیکن آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ہمارے دور سے کم ہے۔ عالمی منڈی میں تیل نیچے گر چکا لیکن ملک میں قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور ملک میں ایسی کون سی قیامت آئی تھی مہنگائی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔


متعلقہ خبریں