ایک اشتہاری کو 22 کروڑ عوام کے خزانے پر بٹھا دیا گیا ہے، عمران خان



پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک اشتہاری کو 22 کروڑ عوام کے خزانے پر بٹھا دیا گیا ہے، اربوں روپے کی چوری کر کے لندن میں مفرور شخص ملک کے فیصلے کر رہا ہے۔

پشاور میں تحریک انصاف ورکرز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نیب نے اسحاق ڈار سے پراپرٹی کا پوچھا تو جواب دینے کے بجائے وزیراعظم کے جہاز پر باہر بھاگ گیا ، پانچ سال بھاگا رہا ، آج تک بیماری کا پتہ نہیں چلا ، انصاف کا نظام اسحاق ڈار کو نہیں روک سکا ، آپ کا بھائی عمران خان اسحاق ڈار کا راستہ روکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مفرور پاکستان کی معیشت کے فیصلے کرنے پاکستان واپس آگیا ہے،بیماری کا بہانہ کرکے ملک سے بھاگا اور ڈیل کر کے پاکستان واپس آیا،بلے کو بٹھاؤ گے دودھ کی رکھوالی کرنے تو کیا بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ 17 سال کے بعد ہمارے دور میں پاکستان کی معیشت اوپر جا رہی تھی،پاکستان کے ساتھ جو ہوا کوئی دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا۔

جب تک چوروں کی غلامی کریں گے ہمیں آزادی نہیں ملے گی، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، ہمارے دور میں ایکسپورٹ32 ارب ڈالر پر تھی،آج پاکستان میں مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں،ملک میں مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ تیل کی درآمد ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ہمارے دور سے کم ہے،عالمی منڈی میں تیل نیچے گر چکا لیکن ملک میں قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا روزگار کم ہے اور مہنگائی زیادہ ہے،گاڑیوں اور موبائل فون کی فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں