اسلام آباد: حکومت اور کسان مظاہرین کے مذاکرات ناکام، ڈی چوک کیطرف پیش قدمی کی تیاری


اسلا م آباد:کسان اتحاد کا جناح ایونیو پر دھرنا  جاری ہے۔ مظاہرین اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے۔

۔مطالبات کی منظوری کے لیے کسانوں  کا جناح ایونیو پر احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔ حکومت اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔ کسان کچھ دیر بعد ڈی چوک روانہ ہوں گے

اس سے قبل بھی  کسانوں نے فیصل ایونیو پررکھے کنٹینر اور خاردار تاریں ہٹائیں اور ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی  لیکن اسلام آباد پولیس نے کسانوں کو ڈی چوک جانے سے روک دیا۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج میں شامل افراد کو ریڈ زون داخلے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مظاہرین کے پاس ڈنڈے اور دیگر ہتھیار ہو سکتے ہیں۔مظاہرین اب طے شدہ مقام کی بجائے ڈی چوک پیش قدمی کرنے پر بضد ہیں۔

پولیس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ مظاہرین سے مذاکرات کرنے کی کوشش کرے گی۔ پولیس اور انتظامیہ آخری حل کے طور پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے اقدامات کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:کسانوں کا ایک بار پھر مطالبات کے حق میں اسلام آباد کا رخ ، راستے بند

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کےعلاقے بلیو ایریا جانے والے راستے بند ہونے کے باعث اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

زیروپوائنٹ سے فیصل ایونیو جانے والا راستہ بند ہونے کے باعث  شہریوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا ہے۔کسان احتجاج کے باعث سرینگر ہائی وے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

کسانوں کا مطالبہ  ہے کہ کھاد کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور بلیک مارکیٹنگ  کو روکا جائے ۔سیلاب زدہ علاقوں میں کھاد اور بیج مفت فراہم کیاجائے۔

کسان اتحاد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ کی قیمتیں بڑھائی جائیں۔گندم کی قیمت 4ہزاراورگنے کی 400روپے فی من مقررکی جائے ۔ زراعت کوصنعت کا درجہ دیا جائے۔


متعلقہ خبریں