آج انصاف ہو گیا اور ہماری بےگناہی ثابت ہو گئی، مریم نواز


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج انصاف ہو گیا اور ہماری بےگناہ ثابت ہو گئی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔ آج انصاف ہو گیا اور ہماری بے گناہی ثابت ہو گئی۔ اپنے والد نواز شریف سے فون پر گفتگو ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف میرے والد اور لیڈر ہیں، انہیں بتا دیا کہ ہم سرخرو ہو گئے ہیں۔ فیصلہ آیا تو سب سے پہلے نواز شریف یاد آئے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نوازاورکیپٹن ریٹائرڈ صفدرایون فیلڈ ریفرنس میں بری

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا میری بات تو بہت بعد میں آتی ہے، فیصلے کے بعد خیال آیا اللہ آزمائش کے بعد کامیابی دیتا ہے اور اپنے وکلا کا خاص طور پر شکریہ اداکرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہیں معلوم ملک کی سلامتی سے کھیلنا کتنا خطرناک ہے۔ عمران خان کھیل کھیل میں ملک سے کھیل گیا اور لوگ تماشا دیکھتے رہے۔ قومی سلامتی اور خارجہ امور، کیا یہ کھیل ہے۔ نام پوچھو تو عمران خان اے بی سی پڑھنے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار میں آئے تھے وہ ایک غیر ذمہ دار شخص ہیں۔ جنہوں نے ہمارے خلاف کیس بنایا ان کو کہنا چاہتی ہوں آپ ناکام ہو گئے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ جس نے نواز شریف کے خلاف جھوٹ بولا آج اس شخص کا چہرہ دیکھنا چاہتی ہوں۔ نواز شریف نے کہا تھا کہ میں، میری بیٹی اور میرا خاندان اس کیس کا سامنا کریں گے اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس کیس میں سرخرو کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کے لاڈلے ہیں تو ہوتے رہیں لیکن یہ ہمارے لاڈلے نہیں ہیں۔ عمران خان کو گرفتار کر کے بند کرنا چاہیے۔ اسحاق ڈار جس وزیر اعظم کے جہاز میں گئے تھے اسی میں واپس آ گئے۔ اسحاق ڈار آج پھر وزیر خزانہ ہیں انہوں نے اسی پارلیمنٹ میں حلف لیا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو جواب دینا ہو گا کہ بہتان کیوں لگایا۔ جب عمران خان کو عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نظر آنے لگی تو سازش کا ڈرامہ رچایا۔ عمران خان کہتے ہیں امریکہ کا نام نہیں لینا صرف کھیلنا ہے۔ وہ ابھی تک قذافی اسٹیڈیم سے باہر نہیں نکلے وہاں بھی ٹیمپرنگ کرتے رہے اور یہاں بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پانامہ کی سازش سے اقتدار میں آئے تھے اور نواز شریف کو نکال کر سازش کرنے والے بھی خاموش ہیں۔ عمران خان 3 زندگیاں بھی لے آئیں تو بھی نواز شریف نہیں بن سکتے۔ عمران خان نے ملک میں تقسیم پیدا کی اور انتشار کی سیاست کر رہے ہیں۔ عمران خان کی اہلیہ کہہ رہی ہیں خلاف بولنے والوں کو غداری سے منسلک کرو۔

انہوں نے کہا کہ میں صحت کارڈ کو بند کرنے کا کیسے کہہ سکتی ہوں کیونکہ یہ پروگرام نواز شریف اور میں نے شروع کیا تھا۔ میرے داماد کی آدھی مشینری عمران خان کے دور میں آئی تھی لیکن شہباز شریف پر فخر ہے انہوں نے بتایا کہ اب مشینری بھارت سے نہیں منگوائی جا سکتی۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم ہاؤس میں سازشی منصوبے بناتے رہے اور عمران خان سب کچھ کرتے رہے، قائدین اور سب بیٹھ کر تماشا دیکھتے رہے۔

مریم نواز نے سائفر سے متعلق آڈیو لیکس پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پانامہ پر روزانہ کی بنیاد پر جے آئی ٹی بنائی گئی اسی طرح اس پر بھی بنائی جائے۔ میری آڈیو لیکس میں عمران خان اور ان کا کوچ شامل ہیں اور مجھے معلوم ہے کہ آڈیوز کہاں سے لیک ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے جو آڈیوز جاری ہوئیں اس میں سے 4 میری ہیں۔


متعلقہ خبریں